پاکستان اور افغانستان کے درمیان موثر باڈر مینجمنٹ وقت کی اہم ضرورت ہے، چودھری نثار

انٹرنیشنل این جی اوز کے نئے قوانین کے تحت 50سے زائد تنظیموں کو باقاعدہ منظوری دی جا چکی ،باقی ماندہ کی منظوری کا عمل 6ماہ میں مکمل کر نے کی کوشش کی جارہی ہے، وفاقی وزیر داخلہ کی یورپی یونین کے سفیر سے گفتگو

جمعرات 2 فروری 2017 23:21

پاکستان اور افغانستان کے درمیان موثر باڈر مینجمنٹ وقت کی اہم ضرورت ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2017ء) وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان موثر باڈر مینجمنٹ وقت کی اہم ضرورت ہے، انٹرنیشنل این جی اوز کے نئے قوانین کے تحت 50سے زائد بین الاقوامی این جی اوز کو باقاعدہ منظوری دی جا چکی ،باقی ماندہ کی منظوری کا عمل 6ماہ میں مکمل کر نے کی کوشش کی جارہی ہے ۔

وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے یہ بات یورپی یونین کے سفیر جین فرینکولس کیوٹن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ملاقات میں یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کیساتھ شروع کی جانیوالی نئی سٹرٹیجک پارٹنر شپ اور دوطرفہ تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر داخلہ چودھری نثار نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان موثر باڈر مینجمنٹ وقت کی اہم ضرورت ہے جس کے سلسلے میں مربوط اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یہ عمل 2020 تک مکمل کرلیا جائے گا، انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل این جی اوز کے نئے قوانین کے تحت 50سے زائد آئی این جی اوز کو باقاعدہ منظوری دی جا چکی ہے جبکہ باقی ماندہ آئی این جی اوز کو منظوری کا عمل آئندہ چھ ماہ میں مکمل کر نے کی کوشش کی جارہی ہے ، انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر بیرون ملک جانے کی پاداش میں ڈی پورٹ کئے گئے افراد کو صرف اسی صورت قبول کیا جائے گا جب ان کی شہریت کی تصدیق کر لی جائے گی ، اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے یورپی یونین کے سفیر نے کہا کہ انسداد دہشت گردی، امن و امان کی بہتری اور غیر قانونی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے حکومت پاکستان کے اقدامات قابل تحسین ہیں۔