حکومت نے ریکارڈ قانون سازی کرکے صوبے میں بہترین طرز حکومت کی ٹھوس بنیاد رکھ دی ہے،پرویزخٹک

جمعرات 2 فروری 2017 23:06

حکومت نے ریکارڈ قانون سازی کرکے صوبے میں بہترین طرز حکومت کی ٹھوس بنیاد ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ ان کی حکومت نے ریکارڈ قانون سازی کرکے صوبے میں بہترین طرز حکومت کی ٹھوس بنیاد رکھ دی ہے ۔ مستقبل میں آنے والی کوئی بھی حکومت صوبے کو بہترین طرز حکمرانی ، انصاف کی فراہمی ، عوام کو با اختیار بنانے اور ترقی کے ٹریک سے اُتار نہیں پائے گی کیونکہ وہ اب ماضی کے استحصالی قوانین اوربد عنوان سسٹم کی پناہ حاصل نہیں کر سکے گی ۔

ہم نے ایک شفاف اور قابل عمل نظام کی بنیاد رکھ دی ہے جسے متعددقوانین پاس کرکے قانونی تحفظ دے دیا ہے۔ وہ اسلام آباد میں کنٹری ہیڈ جونا ریڈ کی سربراہی میں ڈی ایف آئی ڈی کے وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔ صوبائی وزراء محمد عاطف خان، شہرام خان ترکئی ، شاہ فرمان ، وزیراعلیٰ کے مشیر برائے مواصلات و تعمیرات اکبر ایوب، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعظم خان اور متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز بھی اس موقع پر موجو د تھے جبکہ وفد کے دیگر اراکین میں ڈی ایف آئی ڈی کے ڈپٹی ہیڈ اور ہیڈ آف گورننس بھی شامل تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے واضح کیا کہ اگر چہ وہ پولیس کو پہلے دن سے ہی آپریشنل آزادی اور انتظامی خود مختاری دے چکے تھے تاہم اب اس آزادی اور خود مختار ی کو تحفظ فراہم کرنے کیلئے باضابط قانونی شکل دے دی گئی ہے۔ اس طرح پولیس کو سیاسی مداخلت سے مکمل طور پر پاک کردیا گیا ہے۔انہوںنے کہاکہ اب عوام صوبائی حکومت کے اطلاعات تک رسائی کے قانون کے فوائد و ثمرات محسوس کرنے لگے ہیں۔

اس قانون کے تحت کوئی بھی شہری صوبائی حکومت کے کسی بھی پہلو سے متعلق بلا خوف و جھجک معلوما ت حاصل کرنے کا حق رکھتا ہے۔ اسی طرح انسداد بد عنوانی اور کانفلکٹ آف انٹر سٹ کے قوانین کے بھی نتائج سامنے آرہے ہیں۔ پرویز خٹک نے ڈی ایف آئی ڈی کی معاونت کو سراہا اور کہا کہ اجتماعی کاوشیں صوبائی محکموں خصوصاً تعلیم ، صحت اور غذائی سہولیات میں بہت اچھے نتائج دے رہی ہیں۔

وزیراعلیٰ نے مزید واضح کیا کہ ترقیاتی بجٹ کا تیس فیصد مقامی حکومتوں کو منتقل کردیا گیا ہے ۔ مقامی حکومتوں کی آزادی اور خود مختار ی کیلئے ایک علیحدہ قانون بھی پاس کیا گیا ہے ۔ انہوں نے برطانوی اور یورپین سرمایہ کاروں کو صوبے کے مختلف شعبوں خصوصا ً پن بجلی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے استفادہ کرنے کیلئے سرمایہ کاری کی دعوت دی ۔

انہوںنے کہاکہ سی پیک کے مغربی روٹ کی وجہ سے یہ صوبہ وسطی ایشیاء، افغانستان اور گوادر پورٹ کے ذریعے پورے خطے کو باہم مربوط کردے گااور مستقبل میں تجارتی و معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن کے اُبھرے گا ۔ اجلاس میں موجود سیکرٹری صحت عابد مجید نے واضح کیا کہ صوبے میں شرح اموات 275 فی لاکھ سے کم ہو کر 200 فی لاکھ جبکہ بچوں کی شرح اموات63 فیصد سے کم ہو کر 55 فیصد رہ گئی ہے ۔

اسی طرح سٹنٹنگ کی شرح 75 فیصد سے کم ہو کر 45 فیصد ہو گئی ہے۔ 90 فیصد سے زائد بچوں کو وٹامن اے سپلیمنٹس دیئے جا چکے ہیں جبکہ ٹی ٹی کی کوریج 64 فیصد سے بڑھ کر 80 فیصد تک چلی گئی ہے ۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ کو ایشیائی ترقیاتی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے ملا قات میں یقین دلایا کہ ان کا بینک اربن ٹرانسپورٹ اور صوبے میں انفرا سٹرکچر کی ترقی کے پروگرام خصوصاًرپیڈ بس ٹرانسپورٹ منصوبے میں بھر پور تعاون کرے گا۔ ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد نے ریپیڈ بس ٹرانزٹ منصوبے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور کہاکہ یہ ایک دیر پا اربن ٹرانسپورٹ سکیم ہے اور اس کی جلد سے جلد تکمیل کیلئے ہر ممکن کو شش کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :