مارک زکربرگ نے صرف ایک گھنٹے میں 3 کھرب پاکستانی کمالیے

جمعرات 2 فروری 2017 21:49

مارک زکربرگ نے صرف ایک گھنٹے میں 3 کھرب پاکستانی کمالیے
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 فروری2017ء) فیس بک کے بانی مارک زکربرگ نے صرف ایک گھنٹے میں 3 ارب ڈالرز (3 کھرب پاکستانی روپوں سے زائد) کمالیے۔مارک زکربرگ کی دولت میں اتنا زیادہ اضافہ اس وقت ہوا جب فیس بک کی جانب سے سہ ماہی رپورٹ میں ویب سائٹ کے منافع میں ریکارڈ اضافہ دکھایا گیا۔مثبت سہ ماہی رپورٹ کے باعث فیس بک کے حصص کی قیمت میں 2.2 فیصد اضافہ ہوا جس کا سب سے زیادہ فائدہ مارک زکربرگ کو ہوا۔

3 ارب ڈالرز کے اضافے کے نتیجے میں مارک زکر برگ کے مجموعی اثاثے 59 ارب ڈالرز تک جاپہنچے اور وہ اس وقت دنیا کے 5 ویں امیر ترین انسان ہیں۔فیس بک کا منافع ہی نہیں بلکہ اسے استعمال کرنے والے صارفین کی تعداد میںبھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔سہ ماہی رپورٹ کے مطابق اس سماجی رابطے کی ویب سائٹ کے ماہانہ ایکٹو صارفین کی تعداد ایک ارب 84 کروڑ تک پہنچ چکی ہے جو کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 21 فیصد زیادہ ہے۔

(جاری ہے)

فیس بک کو روزانہ استعمال کرنے والوں کی تعداد ہی 1.23 ارب ہے جو کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 23 فیصد زیادہ ہے۔ایسا لگتا ہے کہ رواں سال کسی وقت فیس بک صارفین کی تعداد دو ارب کا ہندسہ بھی عبور کرجائے گی۔اسی طرح واٹس ایپ کے صارفین 1.2 ارب، فیس بک میسنجر کے ایک ارب سے زائد جبکہ انسٹاگرام کے ساٹھ کروڑ سے تجاوز کرچکے ہیں۔مارک زکربرگ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ہماری پہلی ترجیح ویڈیو ہے، انسٹاگرام اسٹوریز استعمال کرنے والوں کی تعداد 15 کروڑ سے زیادہ ہوچکی ہے جبکہ فیس بک اور میسنجر میں نئے کیمرے کو متعارف کرایا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :