ٹرمپ اور عمران میں کوئی فرق نہیں، دونوں جنونی اورضدی ہیں، رانا ثنا اللہ

مسلم لیگ(ن) کے دور میں سیاسی بنیادوں پر کوئی قرضہ معاف نہیں کیا گیا، امیر قطر کو کوئی گھوڑا نہیں دیا جا رہا ‘ جماعت الدعوہ کے حوالے سے جو بھی فیصلے ہیں خود کر رہے ہیں، صوبائی وزیر قانون کی پنجاب اسمبلی کے احاطے میں گفتگو

جمعرات 2 فروری 2017 19:54

ٹرمپ اور عمران میں کوئی فرق نہیں، دونوں جنونی اورضدی ہیں، رانا ثنا ..
لاہور۔2 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2017ء) صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نے ڈونلڈ ٹرمپ اور عمران خان دونوں کو جنونی اورضدی قرار دیتے ہوئے کہاہے کہ امریکی صدراور عمران خان میں کوئی فرق نہیں تاہم ٹرمپ بہتر پاگل ہیں۔ مسلم لیگ(ن) کے دور میں سیاسی بنیادوں پر کوئی قرضہ معاف نہیں کیا گیا۔ امیر قطر کو کوئی گھوڑا نہیں دیا جا رہا تاہم کچھ لوگ گھوڑے پر سوار ہونا چاہتے ہیں‘ ڈونلڈ ٹرمپ پاکستان کو کسی معاملے پر ڈکٹیٹ نہیں کرسکتے ، جماعت الدعوہ کے حوالے سے جو بھی فیصلے ہیں وہ خود کر رہے ہیں۔

وہ پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حافظ سعید کی نظر بندی پالیسیوں کی شفٹنگ نہیں‘ کسی بھی معاملے پر ٹرمپ کی ڈکٹیشن نہیں لے رہے‘ قومی اور ریاستی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے فیصلے کئے جارہے ہیں‘ پاکستان نہ دہشت گردی برداشت کریگا اور نہ ہی اپنی سرزمین استعمال ہونے دیگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاسی بنیادوں پر معاف کئے جانیوالے قرضوں پر اعتراض ہے‘ مسلم لیگ (ن) کے دور میں کوئی بھی سیاسی قرضہ معاف نہیں کرایا گیا۔

امریکہ کی جانب سے مسلم ممالک پر لگائی جانیوالی پابندی کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پوری دنیا میں امریکہ کیخلاف احتجاج ہو رہے ہیں اور وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اس پر پالیسی بیان دے چکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے اخلاقی سطح پر فلسطین کی مدد کی ہے جبکہ ہم کشمیریوں کی سفارتی اور اخلاقی امداد جاری رکھیں گے۔