وزیرخوراک بلال یاسین کا ٹولنٹن مارکیٹ کا اچانک دورہ، نکاسی آب کے خراب نظام پر اظہار برہمی

لاہور کی دیگر مارکیٹوں کو ٹولنٹن مارکیٹ کی طرزپر صاف ستھرا بنائیں گے، بلال یاسین

جمعرات 2 فروری 2017 19:54

وزیرخوراک بلال یاسین کا ٹولنٹن مارکیٹ کا اچانک دورہ، نکاسی آب کے خراب ..
لاہور۔2 فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2017ء) صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا ہے کہ صوبہ کے تمام اضلاع میں مضر صحت اور بیمار مرغی کاگوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈائون جاری ہے۔ گوشت فروخت کرنے والوں کو اپنے سیل پوئنٹس صاف ستھرے رکھنے ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ فوڈاتھارٹی نے ٹولنٹن مارکیٹ سے کئی سالوں کا گند ختم کیا ہے۔

لاہور کی دیگر گوشت کی مارکیٹوں کو ٹولنٹن مارکیٹ کی طرز پر صاف ستھرا بنائیں گے۔ٹولنٹن مارکیٹ لاہور کا اچانک دورہ کرتے ہوئے صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صفائی نصف ایمان ہے اور مارکیٹوں میں صفائی کا خیال رکھنا ہماری اخلاقی اور دینی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ٹولنٹن مارکیٹ کا شمار لاہور کی گندی اور بدبودار مارکیٹوں میں ہوتا تھا۔

(جاری ہے)

فوڈاتھارٹی کی ٹیم نے مارکیٹ انتظامیہ کے تعاون سے مارکیٹ میں صفائی کے انتظام کو بہتر بنایا ہے۔ انہوں نے کہاکہ لاہور کی دیگر گوشت فروخت کرنے والی مارکیٹوں کو بھی دکانداروں کے تعاون سے ٹولنٹن مارکیٹ کی طرز پر صاف ستھرا بنائیں گے اور اسی طرح دیگر مارکیٹوں میں مقابلہ صفائی کا انعقاد بھی کریں گے تاکہ دکانداروں کی حوصلہ افزائی کی جاسکے۔

ٹولنٹن مارکیٹ میں نکاسی آب کے خراب نظام پر وزیر خوراک نے اظہار برہمی کرتے ہوئے واسا انتظامیہ اور ایم ڈی واسا کو کام جلدازجلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہاکہ گوشت مارکیٹ میں گندگی کی وجہ سے گاہکوں اور دکانداروں کو پریشانی کا سامنا ہے۔ واسا انتظامیہ اس کام کو کم سے کم دنوں میں مکمل کرے ۔وزیرخوراک نے دکانداروں سے مارکیٹ میں درپیش مسائل ، گوشت کے معیار اور صفائی کے انتظامات کے متعلق استفسار کیا۔انہوں نے مختلف دکانوں پر دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر فوڈانسپکٹر طاہرہ کلثوم، صدر پولٹری ایسوسی ایشن اور فوڈاتھارٹی کی ٹیم صوبائی وزیر کے ہمراہ تھی۔

متعلقہ عنوان :