مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے، مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطہ میں امن قائم نہیں ہو سکتا، پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا

صدر مملکت ممنون حسین کی کشمیر کونسل کے ممبر سردار عبدالخالق وصی سے گفتگو

جمعرات 2 فروری 2017 19:28

مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے، مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے جس کی بنیاد پر پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا، مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر خطہ میں امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے یہ بات جمعرات کو ایوان صدر میں کشمیر کونسل کے ممبر سردار عبدالخالق وصی سے ملاقات کے دوران کہی۔

صدر مملکت نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی سکیورٹی فورسز بے گناہ اور نہتے کشمیریوں پر ظلم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے اور مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کیلئے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالی ہو رہی ہے جس کیلئے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کو آواز بلند کرنی چاہئے۔

صدر مملکت نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ، کشمیر ی عوام کی امنگوں کے مطابق حل ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام بڑی دیدہ دلیری سے بھارتی جارحیت کا سامنا کر رہے ہیں اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطہ میں بھارت سمیت تمام ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا خواہاں ہے۔ پاکستا ن کی خواہش ہے کہ تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کئے جائیں اور کشمیرکا مسئلہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے۔