موجودہ حکومت نے بچوں، خواتین اور اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا عزم کیا ہوا ہے‘ کامران مائیکل

جمعرات 2 فروری 2017 19:28

موجودہ حکومت نے بچوں، خواتین اور اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2017ء) وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق سینیٹر کامران مائیکل نے کہا ہے کہ خودمختار قومی کمیشن برائے حقوق اطفال کے قیام سے بچوں پر تشدد کی روک تھام، ان کی تعلیم اور ان کے حقوق کے بہتر طور پر تحفظ میں مدد ملے گی۔جمعرات کو ’’ اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ بچوں کے حقوق کو یقینی بنانے کیلئے وزارت انسانی حقوق کا کمیشن کے قیام کا بل قومی اسمبلی نے کثرت رائے سے منظور کیا۔

(جاری ہے)

کمیشن بچوں کے حقوق کی پاسداری پر تیزی سے کام کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی کمیشن برائے حقوق اطفال کے قیام کیلئے ایک سال تک تجاویز پر سیر حاصل بحث کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کمیشن نیشنل ایکشن پلان کے تحت قائم کیا گیا ہے۔ کمیشن میں دوسروں کے ساتھ ساتھ بچوں اور خواتین کو بھی رکنیت دی جائے گی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کمیشن کے چیئرمین کی تعیناتی کا اختیار وزیراعظم کے پاس ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے بچوں، خواتین اور اقلیتوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کا عزم کیا ہوا ہے۔