ساہیوال پاور پراجیکٹ کیلئے کراچی سے لایا گیا 22ٹن کوئلہ چوری ،ریلویز حکام نے چوری کے آپشن کو مسترد کر دیا ، تحقیقاتی کمیٹی تشکیل

معاملے کو افسانوی طور پر بڑھا چڑھا کر بیان کیا جارہا ہے، راستے میں اس امر کی رپورٹ بھی کی گئی کہ کوئلہ گر رہا ہے مگر اس وقت اسے روکا نہیں جاسکا‘ چیف ایگزیکٹو آفیسر ریلویز محمد جاوید انور کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس

جمعرات 2 فروری 2017 18:55

ساہیوال پاور پراجیکٹ کیلئے کراچی سے لایا گیا 22ٹن کوئلہ چوری ،ریلویز ..
ساہیوال /لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 02 فروری2017ء) ساہیوال پاور پراجیکٹ کے لئے کراچی سے لایا گیا 22ٹن کوئلہ چوری ہوگیا ،ریلوے حکام کی جانب سے کوئلے کی چوری کے آپشن کو مسترد کرتے ہوئے تحقیقات کے لئے تین رکنی اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دے دی گئی ۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ساہیوال پاور پلانٹ کے ذریعے بجلی کی پیداوارکے لیے کراچی سے لایا گیا 22ٹن کوئلہ مال گاڑی سے چوری ہوگیا، واقعے کی اطلاع ملنے پرمنصوبے پرکام کرنے والی چینی ٹیم نے بھی مال گاڑی کا معائنہ کیا ہے جبکہ ریلوے حکام نے بھی چوری کے حوالے سے تحقیقات کا آغازکردیا ہے۔

پاکستان ریلویز نے ساہیوال کول پاور پلانٹ پر خالی پہنچنے والی ایک ہوپر ویگن کے معاملے کا سختی سے نوٹس لیا ہے ۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلویز محمد جاوید انور کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں اس معاملے کی ابتدائی رپورٹ پیش کی گئی جس میں کوئلے کی چوری کے آپشن کو مسترد کردیاگیا اور کہاگیا کہ معاملے کو افسانوی طور پر بڑھا چڑھا کر بیان کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

چیف ایگزیکٹو آفیسر نے معاملے کی تفصیلی تحقیقات کے لیے گریڈ انیس کے تین افسران ڈپٹی سی او پی ایس گڈز، ڈپٹی سی ایم ای کیرج اینڈ ویگن اور ڈائریکٹر کول فریٹ ٹرانسپورٹ کمپنی پر مشتمل ایک کمیٹی بھی قائم کی ۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان ریلویز اپنی مغلپورہ ورکشاپ میں ان جدید ہوپر ویگنوں کے لیے ایک لاکنگ ڈیوائس ڈیزائن کرے گا جو اس کے ان لوڈنگ کے آٹو میٹک اور مینوئل سسٹم کو لاک کردے گا۔

پاکستان ریلویز کے ترجمان کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ چینی ڈیزائن کی جدید ہوپر ویگن کے مینوئل سسٹم کو کراچی سے روانگی یا راستے میں شرارت یا غلطی سے آپریٹ کردیا گیا ۔ یہ ویگنیںہائیڈرولک سسٹم کے ذریعے 30سیکنڈ میں ان لوڈ ہونے کی خصوصیت رکھتی ہیں ۔ راستے میں اس امر کی رپورٹ بھی کی گئی کہ کوئلہ گر رہا ہے مگر اس وقت اسے روکا نہیں جاسکا۔

ترجمان نے کہا کہ اس جدید ڈیزائن کی ہزاروں ہوپر ویگنیں دنیا بھر میں استعمال ہور ہی ہیں مگر وہاں شرارت یا غلطی کے امکانات نہیں ہیں تاہم ہمیں اپنی ضروریات کے مطابق ایک لاکنگ ڈیوائس ڈیزائن کرکے ویگنوں میں نصب کرنا پڑے گی ۔ ترجمان نے کہا کہ یہ دونوں ٹرینیں تجرباتی بنیادوں پر چلائی گئیں اور ان کا مقصد ہی خامیوں کا جائزہ لینا تھا۔ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان ریلویز امانت، دیانت اور خدمت کو اپنا نصب العین قرار دیتاہے اور اپنے آپریشنز کو فول پروف طریقے سے مکمل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گا۔

دوسری جانب 6 ماہ قبل قادرآباد کول پاور پلانٹ سے بھی ایک کروڑ روپے سے زائد مالیت کے سامان کی چوری سامنے آئی تھی جس پر 30سکیورٹی افسران سمیت 10کانسٹیبل بھی گرفتار کیے گئے تھے۔واضح رہے کہ کول پاور پلانٹ پر پہلی ٹرین 4 روزقبل پہنچی تھی جس کا افتتاح وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :