میکسیکو کے ساتھ امریکی سرحد پر دیوار کی تعمیر کا کام دوسال کے اندر اندر مکمل کر لیا جائے گا ،جان کیلی

جمعرات 2 فروری 2017 18:17

و اشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2017ء) امریکی نئے وزیر برائے ہوم لینڈ سیکیورٹی جان کیلی نے کہا ہے کہ میکسیکو کے ساتھ امریکی سرحد پر دیوار کی تعمیر کا کام دوسال کے اندر اندر مکمل کر لیا جائے گا۔جمعرات کو امریکی میڈیا کے مطابق امریکی فوج کے ریٹائرڈ جنرل اور وزیر برائے ہوم لینڈ سیکیورٹی جان کیلی نے کہا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میکسکو کی سرحد کے ساتھ ساتھ جس دیوار کی تعمیر کاحکم دیا ہے وہ دیوار دوسال میں تعمیر کی جا سکتی ہے۔

(جاری ہے)

کیلی نے کہا ہے کہ پہلے مرحلہ میں یہ دیوار اس سرحدی علاقہ میں تعمیر کی جائے گی جہاں اس کی تعمیر کی فوری اور اشد ضرورت ہے جس کے بعد یہ دیوار دیگر رہ جانے والے علاقوں میں تعمیر کی جائے گی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حال ہی میں ایک ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کئے ہیں جس کے تحت امریکہ کی جنوبی سرحد پر2000 کلو میٹرز لمبی دیوار تعمیر کی جائے گی ۔ کیلی نے کہا کہ امریکہ کی اس جنوبی سرحد پر فزیکل رکاوٹوں کے علاوہ جدی ترین ٹیکنالوجی بھی استعمال کی جائے گی یہ امر قابل ذکر ہے کہ میکسکو کی سرحد پر 653 میل باڑ نما دیوار پہلے ہی موجود ہے اس لئے وہاں پر لوگوں اور گاڑیوں کی آمدورفت نہیں ہو سکتی ۔