کشمیریوں کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے ‘ یشونت سنہا

نئی دہلی کو ہٹ دھرمی چھوڑ کر مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کرنا چاہئے ‘ سیمینار سے خطاب

جمعرات 2 فروری 2017 16:44

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 فروری2017ء) بی جے پی کے سینئر راہنما اور سابق بھارتی وزیر خارجہ یشونت سنہا نے کہا ہے کہ کشمیریو کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے ۔ بھارت کو ہٹ دھرمی چھوڑ کر مسئلہ کشمیر کا حل تلاش کرنا چاہئے۔

(جاری ہے)

بھارتی میڈیا کے مطابق ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے یشونت سنہا نے کہاکہ کشمیر میں امن و امان کو بحال کرنے کے لئے ہٹ دھرمی کا راستہ ترک کر کے بات چیت کا سلسلہ شروع کیا جانا چاہئے کیونکہ کشمیری عوام کا کہنا ہے کہ کہ ان کے ساتھ غیر انسانی سلوک روا رکھا جا رہا ہے انہوں نے کہا کہ وادی کے عوام کا اعتماد بحال کرنے کے لئے تمام طبقوں کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے کی ضرورت ہے اور مسئلہ کشمیر حل کرنے کی جانب توجہ مبذول کی جانی چاہئے انہوں نے کہا کہ حزب کمانڈر کی ہلاکت کے بعد جس طرح سے بیلٹ چھروں کا استعمال کیا گیا اس کی نظیر ملنا مشکل ہے ۔