بھارت کے دفاعی بجٹ میں اضافہ اور بھاری ہتھیاروں کی خریداری سے خطے میں طاقت کا توازن متاثر ہو سکتا ہے،اس کے پاکستان میں ریاستی عناصر کے ذریعے مداخلت کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں،آر ایس ایس کشمیریوں کی نسل کشی میں ملوث ہے،پاکستانی ہائی کمیشن غلطی سے سرحد پار کرنے نارووال کے تین شہریوںکی وطن واپسی کیلئے بھارتی حکام سے رابطے میں ہے

ای سی او کا سربراہ اجلاس یکم مارچ کو اسلام آباد میں ہو گا،حسین حقانی ملک کے امیج کو متاثر کرنے کی کو ششوں میں مصروف ہیں، ترجمان دفتر خارجہ محمد نفیس زکریاکی ہفتہ وار پریس بریفنگ

جمعرات 2 فروری 2017 16:31

بھارت کے دفاعی بجٹ میں اضافہ اور بھاری ہتھیاروں کی خریداری سے خطے میں ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2017ء) دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کے دفاعی بجٹ میں اضافہ اور بھاری ہتھیاروں کی خریداری سے خطے میں طاقت کا توازن متاثر ہو سکتا ہے،اس کے پاکستان میں ریاستی عناصر کے ذریعے مداخلت کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں،آر ایس ایس کشمیریوں کی نسل کشی میں ملوث ہے،پاکستانی ہائی کمیشن غلطی سے سرحد پار کرنے نارووال کے تین شہریوںکی وطن واپسی کیلئے بھارتی حکام سے رابطے میں ہے،ای سی او کا سربراہ اجلاس یکم مارچ کو اسلام آباد میں ہو گا،حسین حقانی ملک کے امیج کو متاثر کرنے کی کو ششوں میں مصروف ہیں۔

ان خیالات کا اظہار دفتر خارجہ کے ترجمان محمد نفیس زکریا نے جمعرات کو ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کویت کی جانب سے پاکستان سمیت پانچ مسلم ممالک پر ویزا پابندی سے متعلق رپورٹ کے حوالے سے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان نے امریکا میں پاکستان کے سابق سفیر حسین حقانی نے پرانی خبر کو ری ٹویٹ کیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ حسین حقانی کو پاکستان کی نمائندگی کا اعزاز دیا گیا لیکن بدقسمتی سے وہ پاکستان کے امیج کو متاثر کرنے اور قومی مفاد کیخلاف سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ترجمان نے کہا کہ حسین حقانی جتنی ملک مخالف سرگرمیاں کر رہے ہیں اتنا ہی وہ بے نقاب ہوتے رہیں گے۔حافظ سعید کی نظر بندی کے حوالے سے بھارتی رد عمل پر تبصرہ کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ بھارت دوسرے ملکوں کے معاملات پر تٍبصرہ کرنے کے بجائے اپنے معاملات درست کرے۔

پاکستانی کارروائی کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کر رہا ہے۔بھارت نہ صرف پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے بلکہ دیگر ممالک کی سرزمین بھی پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے۔بھارت مقبوضہ کشمیر میں مسلم اکثریتی علاقے کو ہندو اکثریت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان میں مداخلت کر رہا ہے۔

بھارت کے پاکستان میں ریاستی عناصر کے ذریعے مداخلت کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں جبکہ بھارتی ادارے اپنی ہی سرزمین پر بھی دہشت گردی میں ملوث رہے ہیں۔ترجمان نے نارروال سے تین پاکستان شہریوں کی جانب سے غلطی سے سرحد پار کرنے سے متعلق ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ نئی دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن ان کی وطن واپسی کیلئے بھارتی حکام سے رابطے میں ہے۔

ترجمان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اوآئی سی کا کشمیر کے حوالے سے موثر کردار رہا ہے۔پاکستان مسلم ممالک میں یکجہتی کا خواہاں ہے۔مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرار دادوں کی روشنی میں ہی حل کیا جسکتا ہے۔بھارت کشمیر کی آبادی کو ہندو اکثریت میں تبدیل کر رہا ہے ۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ کے خلاف ہے،پاکستان کے روایتی ہتھیار پاکستان کے دفاع کیلئے ہیں۔

ترجمان نے کہا کہ جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام پاکستان کی خارجہ پالیسی کا سنگ میل ہے۔بھارت کی جانب سے دفاعی بجٹ میں اضافہ اور بھاری ہتھیاروں کی خریداری سے خطے میں طاقت کا توازن متاثر ہو سکتا ہے۔ترجمان نے کہ افغانستان سے متعلق ہمارا موقف واضح ہے ،پاکستان افغانستان میں امن و استحکام کیلئے کوشاں ہے ۔افغانستان میں امن پاکستان اور تمام خطے کے مفاد میں ہے۔