پوری دنیا میں امن اللہ کے دین کے قیام کے ذریعے ہی ممکن ہو سکتا ہے ‘اللہ کے دین کی سربلندی کیلئے پوری امت بحیثیت مشن اپنائے ،عالمی طاقتیں مسلمانوں کو نست و نابود کرنا چاہتی ہیں لیکن ان کے عزائم ناکام ہوں گے

جماعت اسلامی آزاد کشمیر شعبہ خواتین کی مرکزی رہنما و ممبر اسمبلی رفعت عزیز کا جماعت اسلامی حلقہ خواتین جدہ کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب

جمعرات 2 فروری 2017 15:25

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 فروری2017ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر حلقہ خواتین کی مرکزی راہنما و ممبر قانون ساز اسمبلی رفعت عزیز نے کہا ہے کہ پوری دنیا میں امن اللہ کے دین کے قیام کے ذریعے ہی ممکن ہو سکتا ہے اللہ کے دین کی سربلندی کے لیے پوری امت بحیثیت مشن اپنائے ،عالمی طاقتیں مسلمانوں کو نست و نابود کرنا چاہتی ہیں لیکن ان کے عزائم ناکام ہوں گے،حرمین شریفین کا تحفظ اور دفاع پوری امت پر فرض ہے حرمین شریفین کا دفاع ہمیں اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے کیونکہ یہ ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی حلقہ خواتین جدہ کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد ایک نیا انقلاب ہے مائیں بہنیں اپنے تمام سہاروں کو قربان کر کے آزادی کی منزل کی طرف بڑھ رہی ہیں مقبوضہ کشمیرمیں قابض بھارتی افواج بدترین ریاستی دہشت گردی کی مرتکب ہو رہی ہیں تمام تر ہتھکنڈوں کے باوجود وہ کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو سرد نہیں کر سکی ہیں ،آزاد کشمیر اور پاکستان کی مائیں بہنیں مقبوضہ کشمیرکی مائوں بہنوں کے شانہ بشانہ ہیں اور میں بحثیت ممبر اسمبلی اسمبلی کے فلور پر خواتین کی بھرپور نمائندگی کروں گی ،اسلام نے خواتین اورمردوں کے لیے الگ الگ حقوق کا تعین کر دیا ہے اسلام ہی خواتین کے حقوق کا پاسدار ہے ۔