قائد حزب اختلاف چوہدری محمدیٰسین کی پی پی پی آزادکشمیرکی سیاسی امور کی انچارج فریال تالپور سے ملاقات

مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال ، آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال اور پارٹی کے معاملات پر تفصیلی گفتگو

جمعرات 2 فروری 2017 15:24

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 02 فروری2017ء) آزادجموںوکشمیر قانون ساز اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری محمدیٰسین نے پی پی پی آزادکشمیرکی سیاسی امور کی انچارج فریال تالپور سے ملاقات کی جس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال ، آزادکشمیر کی سیاسی صورتحال اور پارٹی کے معاملات پر تفصیلی گفتگوہوئی ۔ محترمہ فریال تالپور نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک کو برہان وانی کی شہادت کے بعد ایک نئی جہت ملی ہے اورکشمیر میں بھارتی حکومت کیخلاف عوامی جدجدوجہد ایک نیا رخ اختیار کرچکی ہے ۔

تحریک میں تیزی آنے کے ساتھ ساتھ بھارتی حکومت نے مظالم کا سلسلہ بھی تیز تر کردیا ہے ،انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیرکا حل نہ ہونے سے پورے خطے میں کشیدگی پیدا ہورہی ہے، کیونکہ اس وقت بھارت اور پاکستان دونوں کے پاس ایٹمی ہتھیار موجود ہیں ، اس لئے عالمی برادری اس سنگین مسئلہ کو فی الفور حل کرے، انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کو فعال کرنے کیلئے جلد ہی تنظیم سازی مکمل کی جارہی ہے ، وارڈ کی سطح سے تنظیم سازی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چوہدری محمدیٰسین نے کہا کہ آزادکشمیر میں موجودہ حکومت نے پیپلزپارٹی کے کارکنوں کے ساتھ انتقامی کارروائیوں کا سلسلہ تیز ترکردیا ہے، اور جہاں پر پیپلزپارٹی مضبوط ہے وہاں سے اداروں کو بھی ختم کیاجارہاہے، انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی مضبوط اور منظم ہے ، اور ہم اگر بلدیاتی انتخابات ہوئے تو یہ انتخابات بھاری اکثریت سے جیتیں گے ، انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے موجودہ حکومت وہ کام نہیں کررہی ہے جس کی اس وقت ضرورت ہے، حکومت پاکستان تمام ممالک میں کشمیری وفود بھیجے جو وہاں کی حکومتوں کو مقبوضہ کشمیر کی حقیقی صورتحال سے آگاہ کرسکیں، انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کوچاہئے کہ وہ کشمیریوں کو حق خوداریت دلوائے ، اس وقت بھارتی حکومت اس مسئلے کو اقوام متحدہ میں لے کر گئی تھی لہذا اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس مسئلے کو حل کروائے۔

متعلقہ عنوان :