کاشتکاروں کو کریلے کی اگیتی فصل کی کاشت وسط فروری سے شروع کرنے کی ہدایت

جمعرات 2 فروری 2017 14:24

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2017ء):محکمہ زراعت نے کاشتکاروں کو کریلے کی اگیتی فصل کی کاشت وسط فروری سے شروع کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ یہ کاشت وسط فروری سے شروع کر کے ماہ مارچ کے آخر تک مکمل کرتے ہوئے بہتر پیداوار کا حصول ممکن بنایا جاسکتاہے نیز انہوںنے بمپر کراپ کے حصول کیلئے کریلے کی ترقی دادہ قسم فیصل آباد لانگ کاشت کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے تاکہ کاشتکار اس قسم کی پیداوار سے زیادہ سے زیادہ مالی فائدہ حاصل کرنے کے قابل ہو سکیں۔

ترجمان نے بتایاکہ کاشتکار وں کو چاہیے کہ وہ اچھی روئیدگی والا ساڑھے 3سے پونے 4کلوگرام سفارش کردہ بیج پھپھوند کش دوائی لگاکر فی ایکڑ استعمال کریں اور دوائی کی شرح 2سے 3کلوگرام بیج تک ہونی چاہیے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ کریلے کی کاشت کیلئے زرخیز میرا زمین کا انتخاب بھی ضروری ہے نیز زمین کی تیزابی خاصیت 7یا اس سے کم اور پانی کا نکاس بھی اچھا ہونا چاہیے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر کاشتکار کریلے کی فصل کی کاشت سے قبل 10سے 12ٹن فی ایکڑ کے حساب سے گوبر کی گلی سڑی کھاد ڈال کر مٹی پلٹنے والا ہل استعمال کریں تواسکے انتہائی مثبت نتائج حاصل ہوسکتے ہیں۔ انہوںنے بتایاکہ مزید رہنمائی ، مشاورت یا معلومات کیلئے ماہرین زراعت یامحکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتاہے۔