نوجوان قیادت کے انتخاب سے پارٹی کو سندھ میں مضبوط بنانے میں مدد ملے گی ، شیخ رشیداحمد

سندھ میں عوامی مسلم لیگ کی ہر سطح پر تنظیم سازی کی جائے گی ،اہل اور قربانی دینے والے کارکنوں کو اہم ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی ،سید ریحان علی شاہ

بدھ 1 فروری 2017 23:51

نوجوان قیادت کے انتخاب سے پارٹی کو سندھ میں مضبوط بنانے میں مدد ملے ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2017ء) عوامی مسلم لیگ کے انٹراپارٹی انتخابات میں سید ریحان علی شاہ کو سندھ کا صدر منتخب کرلیا گیا ہے ۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے سید ریحان علی شاہ کو عوامی مسلم لیگ سندھ کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوجوان قیادت کے انتخاب سے پارٹی کو سندھ میں مضبوط بنانے میں مدد ملے گی ۔

تفصیلات کے مطابق عوامی مسلم لیگ سندھ کے انٹراپارٹی انتخابات گزشتہ روز صوبائی دفتر میںمنعقد ہوئے ،جس میںپارٹی کے سینئر رہنما سید ریحان علی شاہ کو بلامقابلہ سندھ کا صدر منتخب کرلیا گیا ۔اس موقع پر ریحان علی شاہ نے اپنے اوپر اعتماد کا اظہار کرنے پر پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ میرے دروازے کارکنوں کے لیے ہر وقت کھلے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ سندھ میں عوامی مسلم لیگ کی اضلاع ،تحصیل اور یونین کونسل کی سطح پر تنظیم سازی کی جائے گی ۔اہل اور قربانی دینے والے کارکنوں کو اہم ذمہ داریاں تفویض کی جائیں گی ۔سید ریحان علی شاہ نے کہا کہ عوامی مسلم لیگ آئندہ انتخابات میں ایک بڑی سیاسی قوت بن کر ابھرے گی ۔کارکنان ابھی سے انتخابی مہم کی تیاری شروع کردیں ۔ ہماری جدوجہد کا محور عوام کو ان کے حقوق دلانا ہے ۔

سندھ اس وقت گندگی کا ڈھیر بنا ہوا ہے ۔عوام پانی ،بجلی اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں لیکن حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے ۔عوامی مسلم لیگ نے اس حوالے سے لائحہ عمل مرتب کرلیا ہے اور تنظیم سازی کا عمل کرنے کے بعد عوام کو مسائل سے نجات دلانے کے لیے بھرپور عوامی مہم شروع کریں گے ۔ریحان علی شاہ نے کہا کہ ملک کو اس وقت نڈر ،بے باک اور دیانتدار قیادت کی ضرورت ہے جس کو عوام کے مسائل کا ادراک ہو ۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد اس وقت بلاشبہ ملک کے سب سے مقبول لیڈر ہیں ۔وقت کی ضرورت ہے کہ ان کا پیغام گھر گھر تک پہنچایا جائے اور عوام کو اس بات کا احساس دلایا جائے کہ حکمران کس طرح ان کے حقوق پر سودا بازی کررہے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ عوامی مسلم لیگ جاگیرداروں ،وڈیروں اور سرمایہ کاروں کی جماعت نہیں ہے ۔ہماری لیڈر شپ عوام سے اٹھ کر ہی سامنے آئی ہے اور ہم بلاشہ خود کو عوامی جماعت کہہ سکتے ہیں ۔

شیخ رشید احمد کا ماضی اور حال گواہ ہے کہ انہوںنے کبھی عوام کے کاندھوں پر سوار ہو کر ان سے بے وفائی نہیں کی بلکہ ہر وقت لوگوں کے شانہ بشانہ رہے ہیں ۔یہی وجہ ہے کہ ملک بھر کے عوام ان سے محبت کرتے ہیں ۔ریحان علی شاہ نے کہا کہ آنے والا وقت عوامی مسلم لیگ کا ہے ۔ہماری جماعت میں ہر مذہب ،مسلک ،زبان اور طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیں ۔

انہوںنے کہا کہ پاناما لیکس نے شریف خاندان کا کٹھا چٹھا کھول دیا ہے ۔شیخ رشید اور عمران خان کی جدوجہد کے باعث حکمرانوں کی تلاشی کا عمل شروع ہوگیا ہے۔حکومتی وزراء بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ، ان کو اپنا انجام سامنے نظر آرہا ہے ۔جیسے جیسے سپریم کورٹ میں پاناما کیس آگے بڑھتا جارہا ہے حکمرانوں کی کرپشن کی داستانیں عیاں ہوتی جارہی ہیں ۔

اپنے آپ کو احتساب کے لیے پیش کرنے کا دعویٰ کرنے والے عدالت میں جاکر اپنے بیانات سے مکر گئے ہیں اور قومی اسمبلی کے مقدس ایوان میں دیئے گئے اپنے بیان کو سیاسی بیان کہا جارہا ہے ۔شیخ رشید احمد پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ کرپشن کا تابوت سپریم کورٹ سے نکلے گا ۔ ریحان علی شاہ نے کہا کہ وہ وقت دور نہیں جب پاکستان دنیا میں ایک بڑی قوت کے طور سامنے پر آئے گا ۔شیخ رشید احمد کی ولولہ انگیز قیادت میں ہم ملک کو عظیم سے عظیم تر بنانے کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

متعلقہ عنوان :