بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد احمد الخلیفہ 5 سے 7 فروری تک پاکستان کا تین روزہ دورہ کریں گے،یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہو گا،جاوید ملک

بدھ 1 فروری 2017 23:45

بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد احمد الخلیفہ 5 سے 7 فروری تک پاکستان کا ..

اسلام آباد ۔ یکم فروری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2017ء) بحرین میں پاکستان کے سفیر جاوید ملک نے کہا ہے کہ بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد احمد الخلیفہ 5 سے 7 فروری تک پاکستان کا تین روزہ دورہ کریں گے، ان کا یہ دورہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں معاون ثابت ہو گا۔ جاوید ملک نے کہا کہ بحرین کے وزیر خارجہ کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا سرکاری وفد بھی ہو گا جس میں بحرین کے شاہی خاندان کے اراکین بھی شامل ہوں گے۔

اس موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کے حوالہ سے فریم ورک کی تیاری پر غور کیا جائے گا۔ جاوید ملک نے کہا کہ بحرین میں، میں جب سے سفیر تعینات ہوا ہوں وزیراعظم نواز شریف کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں، میں نے دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم اور بڑھانے کیلئے کوششیں شروع کر رکھی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ان کوششوں کے نتیجہ میں دونوں اطراف کی وزارت خارجہ کے تعاون سے پہلا مشترکہ وزارتی کمیشن 6 فروری 2017ء کو منعقد ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ بحرین کے وزیر خارجہ شیخ خالد بن احمد الخلیفہ بحرین جبکہ خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز پاکستان کی طرف سے اس کمیشن میں قیادت کریں گے۔ قبل ازیں رواں ہفتہ پاکستانی سفیر جاوید ملک بحرین کے وزیر خارجہ سے ان کے دفتر میں ملے جس میں ان کے دورہ پاکستان کو کامیاب اور بامقصد بنانے کیلئے حتمی شکل دی گئی۔ انہوں نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور وزیراعظم کے معاون برائے خارجہ امور طارق فاطمی سے ملاقات کے ساتھ ساتھ بحرین کے وزیر خارجہ وزیراعظم نواز شریف سے بھی ملیں گے۔

اس موقع پر وہ بحرین کے سلطان حماد بن عیسیٰ الخلیفہ کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام بھی دیں گے۔ جاوید ملک نے کہا کہ مشترکہ وزارتی کمیشن دوطرفہ سفارتی، اقتصادی، تجارتی، دفاعی اور ثقافتی تعلقات کو پاکستان اور بحرین کے درمیان فروغ دینے کیلئے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان بحرین اور گلف کوآپریشن کونسل میں شامل ممالک کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ بحرین نے گلف کوآپریشن کونسل (جی سی سی) کی حال ہی میں صدارت سنبھالی ہے۔ اس تناظر میں شیخ خالد کا دورہ پاکستان بہت زیادہ اہمیت کا حامل ہے۔

متعلقہ عنوان :