جمرود،گھر کے اندر دھماکے سے 4 افراد جاں بحق،3 زخمی

بدھ 1 فروری 2017 23:20

جمرود،گھر کے اندر دھماکے سے 4 افراد جاں بحق،3 زخمی
جمرود(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 فروری2017ء) خیبر ایجنسی کی تحصیل جمرود میں گھر کے اندر دھماکے سے چار افراد جاں بحق جبکہ تین زخمی ہوگئے ہیں،زخمیوں کو فوری طور پر پشاور ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔پولیٹیکل انتظامیہ نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے دھماکے کی نوعیت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔تفصیلات کے مطابق واقعہ پشاور کے پوش علاقے حیات آباد اور جمرود کے سنگم پر واقعہ شاہ کس کے علاقے میں اس وقت پیش آیا جب ایک گھر میںاچانک دھماکہ ہوا ۔

دھماکے سے گھر کے چارکمرے اور برآمدہ زمین بوس ہوگیا ۔دھماکے کے فوری بعد اے پی اے جمرود ضیاء الرحمان مروت اور تحصیلدار جمرود شکیل برکی لائن آفیسر جمرود محمد شعیب آفریدی اور اسسٹنٹ لائن آفیسر حاجی خاندادکے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچے اور امدادی کاروائیوں کی نگرانی کی جبکہ اس موقع پر جمرود ریسکیو 1122 اور فرسز بھی موقع پر پہنچ گئی اور امدادی کاروائیاں شروع کر دی ۔

(جاری ہے)

امدادی کاروائیوں کے دوران امدادی ٹیموں نے گھر کے ملبے سے دو افراد کو مردہ حالت میں جبکہ دیگر پانچ افراد کو زخمی حالت میں نکالا جنہیں فوری طور پر علاج معالجے کیلئے پشاور منتقل کردیاگیا جہاںمزید دو افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جبکہ باقی دو افراد کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔دھماکے میں جان بحق ہونے والوں میں اصف ولد حکمت اللہ ،عبد اللہ ولد گل محمد ،زاہد اللہ ولد نیاز محمد افغانی ،نیاز محمد افغان شامل ہیں دھماکے کی نوعیت کے بارے میں پولیٹیکل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ دھماکہ بارودی مواد سے ہو سکتا ہے تاہم فالحال اس حوالے سے کچھ نہیں کہ سکتے اور مزید تفتیش کے بعد ہی دھماکے کی نوعیت کے بارے میں بتا سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :