وزیراعظم نواز شریف سے فریزلینڈ کمپینا کے گلوبل سی ای او کی ملاقات

پاکستان میں دودھ کی صنعت کی ترقی کے حوالے سے تبادلہ خیال

بدھ 1 فروری 2017 23:00

وزیراعظم نواز شریف سے فریزلینڈ کمپینا کے گلوبل سی ای او کی ملاقات
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2017ء) فریز لینڈ کمپینا کے عالمی چیف ایگزیکٹورولوف یوسٹن نے بدھ کی صبح وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی جہاں انہوں نے ملک میں دودھ کی صنعت کی ترقی اور اس ضمن میں معلومات اور ٹیکنالوجی کے استعمال اور تبادلہ پر گفتگو کی۔ رولوف یوسٹن نے ملاقات کے دوران حکومتی شراکت داری کی اہمیت پر روشنی ڈالی تاکہ پاکستان کے ڈیری سیکٹر کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ڈھالا جاسکے اور اس شعبے میں دیرپا ترقی ممکن ہوسکے۔

وزیراعظم نوازشریف نے اِس موقع پر کہا کہ اس ٹرانزیکشن سے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لئے ایک پُرکشش ملک قرار دینے کی کوششوں میں معاونت ملے گی اور دوسری کمپنیاں بھی پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی ظاہر کریں گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ میں پُرامید ہوں کہ اس شراکت داری کی بدولت پاکستان کے صارفین کو ایسی مصنوعات میسر آئیں گی جو ناصرف اُن کی قوت خرید میں بھی ہونگی بلکہ غذائیت سے بھرپور ہائی کوالٹی بھی ہونگی۔

پاکستان کے لاکھوں ڈیری فارمرز کی فلاح و بہبود ہمیشہ سے حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل رہی ہے۔مجھے یقین ہے کہ یہ شراکت داری ہمارے ڈیری فارمرز کو طویل مدت میں مثبت نتائج دے گی۔ رولف یوسٹن نے کہا ’اینگرو کے ساتھ شراکت داری ہمارے وژن 2020کی جانب ایک قدم ہے ۔ میری کوشش ہے کہ میں حکومت پاکستان، اینگرو فوڈز اور اینگرو کارپوریشن کے ساتھ مل کر ڈیری فارمرز کی فلاح اور سیکٹر کی بہتری کے لئے کام کروں تاکہ پاکستان کے صارفین کوصحت مندانہ غذائی مصنوعات میسر آسکیں۔

اس کے علاوہ فریز لینڈ احکام ِبالا کے ساتھ دودھ کی مصنوعات کی درآمد اور برآمد پرلاگو ٹیکس اور ڈیوٹیز پر برابری کے لئے بھی کام کرنا چاہتی ہے تاکہ تمام اسٹیک ہولڈرز کو ایک اچھا مسابقتی ماحول میسر آسکے جس کے نتیجے میں صارفین کو غذائیت سے بھرپور دودھ کی مصنوعات حاصل ہوسکیں۔باہمی گفتگو میں ڈیری سیکٹر پر صوبائی اور فیڈرل سطح پر لاگوفوڈ ٹیکسز بھی زیر بحث لائے گئے اس کے علاوہ کُھلے دودھ کو ریگولیٹ کرنے پر بھی بات کی گئی کیونکہ کُھلے دودھ میں پائے جانے والے مضر صحت اجزا ء اور ملاوٹ کی وجہ سے عوام کو خراب دودھ پینے کو ملتا ہے۔

اس لئے ایسے قوانین کو متعارف کروانے کی ضرورت پر بات کی گئی تاکہ لوگوں کو پینے کے لئے خالص دودھ مل سکے۔ فریز لینڈ کمپینا دنیا میں دودھ کا کاروبار کرنے والی بڑی کمپنیوں میں سے ایک ہے ۔ 19000ڈیری فارمرز فریز لینڈ کمپینا کے پارٹنر ہیں اور اس کا سالانہ آمدنی11ارب ڈالر سے زیادہ ہے ۔فریز لینڈ کمپینا 22000 نفوس پر مشتمل افرادی قوت کے ساتھ دنیا کے 32سے زائد ممالک میں آپریٹ کرتی ہے اور 100سے زائد ممالک کے کروڑوں صارفین کمپنی کی مصنوعات سے مستفید ہوتے ہیں۔

کمپنی کے عالمی شہرت کے حامل برینڈز صارفین کی غذائی ضروریات کو کئی متفرق مصنوعات کے زریعے پورا کرتے ہیں جن میں پنیر، پینے کا دودھ، شیر خوار نیوٹریشن،دہی، ڈزرٹ اور مکھن شامل ہیں۔ کمپنی کے کچھ جانے مانے برینڈز کے نام فرِیسکو،فریسین فلیگ،پِیک،ڈچ لیڈی،آلاسکا اور رینبوہیں۔دسمبر 2016میں اینگرو کارپوریشن نے فریز لینڈ کمپینا کے ساتھ شراکت داری کا معاہدہ کیا جس کے تحت اینگرو فوڈز کے 51فیصد شیئرز فریز لینڈ کمپینا نے خرید لئے۔اینگرو فوڈز پاکستان میں ایک دہائی سے صارفین کو دودھ کی عمدہ مصنوعات فراہم کررہی ہے۔اس کے چند شہرت یافتہ برینڈز اولپرز ، ترنگ ، اُموراور اُمنگ ہیں۔

متعلقہ عنوان :