فوجی عدالتوں کو توسیع نہ ملنے کا فائدہ دہشتگردوں کو پہنچے گا : عوامی تحریک

سانحہ ماڈل ٹائون کیس کے حوالے سے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں تمام ثبوت پیش کر دئیے ،ڈاکٹر حسن محی الدین مشاورتی اجلاس میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف مذمتی قرار داد

بدھ 1 فروری 2017 22:52

فوجی عدالتوں کو توسیع نہ ملنے کا فائدہ دہشتگردوں کو پہنچے گا : عوامی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 فروری2017ء) پاکستان عوامی تحریک کی مشاورتی کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں ہوا ،اجلاس کی صدارت چیئرمین سپریم کونسل و عوامی تحریک کے سنیئر مرکزی رہنماء ڈاکٹر حسن محی الدین نے کی ۔اجلاس میں فوجی عدالتوں کو توسیع دینے میں لیت و لعل پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ حکومت کے اس رویے سے دہشتگردوں کو فائدہ پہنچے گااور فوجی و سویلین قربانیوں سے جو کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں انکے ضائع ہونیکا احتمال ہے ۔

قومی ایکشن پلان پر حکومت نے عملدرآمد نہ کر کے دہشتگردی کے خلاف لڑی جانیوالی جنگ کو نا قابل تلافی نقصان پہنچایا ہے۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی رپورٹ میں حکومت کا اصل چہرہ دیکھا جا سکتا ہے ۔اجلاس سے منہاج القرآن کے صدر ڈاکٹر حسین محی الدین ، سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور ،بریگیڈئر (ر) محمد اقبال ، رفیق نجم ،تنویر خان ،احمد نواز انجم ،جی ایم ملک ، ساجد بھٹی ، نور اللہ صدیقی ،جواد حامد ، فرح ناز،مظہر علوی ،عرفان یوسف ،علامہ فرحت حسین شاہ ، نے خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر حسن محی الدین نے اپنے خطاب میں کہا کہ عوامی تحریک کے وکلاء نے انسداد دہشتگردی کی عدالت میں شہدا کے ورثاء کو انصاف دلوانے کیلئے جو بھی ثبوت تھے پیش کر دئیے ،ہماری عدالت سے استدعا ہے کہ وہ سانحہ کے اصل ملزمان جو شریف برادران ،وزراء اور آئی جی پنجاب ہیں کو طلب کیا جائے ،جب تک بڑے قاتلوں کو انکے مظالم کی سزا نہیں ملے گی کمزوروں پر ظلم ہوتا رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے 56 چشم دید زخمی گواہان نے عدالت میں اپنے بیانات قلمبند کروائے ہیں ۔سانحہ ماڈل ٹائون کے حوالے سے اہم دستاویزی اور ویڈیوز ثبوت بھی پیش کر دئیے ہیں ۔ پانامہ کے مجرم پانامہ لیکس کے حوالے سے قانون اور عوام کی آنکھوں میں دھول جھونک سکتے ہیں مگر سانحہ ماڈل ٹائون پر نہیں ۔شہدائے ماڈل ٹائون کے ورثاء 27ماہ سے انصاف کے منتظر ہیں ۔

اجلاس میں ایک قرار داد کے ذریعے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بلا جواز اضافے کی مذمت کی گئی اور مطالبہ کیا گیا کہ یہ عوام دشمن اضافہ فی الفور واپس لیا جائے ۔اجلاس میں پانامہ لیکس کے حوالے سے حکمرانوں کے جھوٹ پر مبنی مجرمانہ کردار پر کڑی تنقید کی گئی ۔رہنمائوں نے کہا کہ ایک ماہ کی مسلسل سماعت سے یہ بات واضح ہو چکی ہے کہ شریف برادران کے پاس لندن فلیٹس کی کوئی منی ٹریل نہیں ہے ۔خرم نواز گنڈا پور نے کہاکہ سربراہ عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے 9ماہ قبل ہی کہہ دیا تھا کہ شریف برادران کے لندن فلیٹس کمیشن اور کک بیکس کی کمائی سے بنے اور یہ سارا پیسہ منی لانڈرنگ کے ذریعے بیرون ملک پہنچایا گیا اس حوالے سے اسحق ڈار کا عدالتی بیان ریکارڈ پر موجود ہے۔

متعلقہ عنوان :