عوام بے بنیادالزام تراشی کرنے والوں کو عام انتخابات 2018ء میں بھی مسترد کرینگی:شہبازشریف

ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی حالیہ رپورٹ میں پاکستان میں کرپشن کے خاتمے اور شفافیت میں اضافے کی تصدیق کی گئی ہے جھوٹ کا طوفان اٹھانے والوں کو ڈر ہے کہ ترقیاتی منصوبے مکمل ہو گئے تو ان کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو جائے گی بین الاقوامی ادارے بھی موجودہ حکومت کی کرپشن کیخلاف زیروٹالرنس کی پالیسی کے معترف ہیں:وزیراعلیٰ کی اراکین اسمبلی سے گفتگو

بدھ 1 فروری 2017 21:54

عوام بے بنیادالزام تراشی کرنے والوں کو عام انتخابات 2018ء میں بھی مسترد ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 فروری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے ملاقات کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزاعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں موجودہ حکومت کے منصوبے ملک کی تاریخ کے شفاف ترین منصوبے ہیں - انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی ادارے بھی موجودہ حکومت کی کرپشن کے خلاف زیروٹالرنس کی پالیسی کے معترف ہیں - ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل جرمنی کی حالیہ رپورٹ میں پاکستان میں کرپشن کے خاتمے اور شفافیت میں اضافے کی تصدیق کی ہے - انہوںنے کہا کہ ہمارے سیاسی مخالفین کو ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت ہضم نہیں ہو رہی - بے بنیاد الزام تراشی کرنے والوں کو باشعور عوام نے ہر موقع پر مسترد کیا ہے - اربوں روپے کے قرضے معاف کرانے والے آج کس منہ سے کرپشن کے خاتمے کی بات کرتے ہیں - انہوںنے کہا کہ قوم نے ووٹ کی طاقت سے دھرنا گروپ اور ماضی کے کرپٹ حکمرانوں کا پہلے بھی احتساب کیااور آئندہ بھی کریں گی-جھوٹ کا طوفان اٹھانے والوں کو ڈر ہے کہ ترقیاتی منصوبے مکمل ہو گئے تو ان کی رہی سہی ساکھ بھی ختم ہو جائے گی- وزیر اعلی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت محنت ، خدمت ، دیانت اور شفافیت کی سیاست پر یقین رکھتی ہے - الزام تراشی اور جھوٹ بولنے والوں کو عوام عام انتخابات 2018ء میں بھی مسترد کریں گے -وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں خدمت کا سفر مزید تیزی سے جاری رہے گا- وزیر اعلیٰ سے ملاقات کرنے والوں میں ملک ابرار احمد، رئیس محمد محبوب احمد، سردار محمد نواز خان،سردار خالد محمود،ثوبیہ انورستی اور سابق ایم پی اے عرفان احمد ڈاہا شامل تھے۔