ٹرمپ انتظامیہ کا پاکستان کو امیگریشن پابندی والے ممالک میں شامل کرنا منفی اقدام ہے ثابت ہوگا ، بلاول بھٹو زرداری

اسلام امن کا مذہب ہے دہشتگردی سے تعلق کا تاثر ختم کرنا ہوگا، پیپلزپارٹی نے اقلیتی رہنمائوں کو بھی حکومت میں شامل کیا ہے ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی

بدھ 1 فروری 2017 21:50

ٹرمپ انتظامیہ کا پاکستان کو امیگریشن پابندی والے ممالک میں شامل کرنا ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 فروری2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے پاکستان کو بھی امیگریشن پابندی والے ممالک میں شامل کرنا منفی اقدام اور دو ممالک کے درمیان تنائو پیدا کرنے کا سبب بنے گا۔ اسلام امن کا مذہب ہے دہشتگردی سے تعلق کا تاثر ختم کرنا ہوگا، معاشرے میں بڑھتی ہوئی عدم برداشت کی وجہ اسلام کے بارے میں غلط تاثرات ہیں، پیپلزپارٹی نے اقلیتی رہنمائوں کو بھی حکومت میں شامل کیاہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک غیرملکی نشریاتی ادارے کو انٹرویو اور واشنگٹن میں امریکی انسٹی ٹیوٹ برائے امن کے تحت مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ میں پاکستان کا واحد سیاستدان ہوں جس نے اقلیتی رہنمائوں کو حکومت میں شامل کیا، سیاست میں ناممکن کو ممکن بنانے کا طریقہ موجود ہے۔

(جاری ہے)

بلاول بھٹوزرداری نے نوازشریف حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نہ خود پارلیمنٹ میں آتے ہیں اور نہ ہی وزراء کی غیر حاضری پر ان سے جواب طلب کرتے ہیں، نوازحکومت نے اقتدار سنبھالنے کے بعد سے جمہوریت اور عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت انسداد دہشت گردی سمیت دیگر اہم چیلنجز سے نمٹنے میں ناکام ہوچکی ہے، وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان اچھے اور برے طالبان کی پالیسی اپنائے ہوئے ہیں۔کشمیر کے معاملے پر بلاول بھٹوزرداری نے کہاکہ کشمیر کے مسئلے کی وجہ سے جنوبی ایشیا پر آج بھی جوہری جنگ کی تلوار لٹک رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سے کرپشن کے خاتمے کے لیے نوجوان قیادت کو سامنے آنا ہوگا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں طالبان اور دیگر دہشت گرد تنظیموں نے پیپلز پارٹی کو انتخابی مہم نہیں چلانے دی، آئندہ انتخابات میں پیپلز پارٹی بہتر نتائج سامنے لائے گی۔ صوبہ سندھ میں معاشی ترقی اور بنیادی سہولیات لوگوں کو فراہم کرنے کی کوشش کی جارہی ہیں۔اس موقع پر بلاول بھٹو نے پاک امریکہ تعلقات ، افغانستان اور دہشت گردی کے چیلنجز پر بھی بات کی، بلاول کے ہمراہ بختاور بھٹوزرداری ، شیری رحمن اور سابق سینیٹر خواجہ اکبر بھی موجود تھے۔#