پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی 16 مارچ سے لاہور ،فیصل آباد اور ملتان میں اپنا کام شروع کر دے گی ‘مجتبیٰ شجاع الرحمن

اتھارٹی کے قیام سے سڑکیں محفوظ تر ہو جائیں گی ،پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی ٹرانسپورٹ کے محفوظ اور جدید سفری نظام کو رواج دے گی

بدھ 1 فروری 2017 21:06

پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی 16 مارچ سے لاہور ،فیصل آباد اور ملتان میں اپنا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 فروری2017ء) وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی 16 مارچ سے لاہور ،فیصل آباد اور ملتان میں اپنا کام شروع کر دے گی ۔ اس اتھارٹی کے قیام کا مقصد سڑکوں پر حادثات کو کم کرنا اور محفوظ ماحول مہیا کر کے لوگوں کو حادثات اور بے ہنگم ٹریفک سے نجات دلانا ہے ۔یہ بات صوبائی وزیر اطلاعات و ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن میاں مجتبیٰ شجاع الرحمن نے سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی ۔

اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ جاوید اکبر ، ایڈیشنل آئی جی ٹریفک ،ڈی جی ریسکیو 1122 ، ایڈیشنل سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن ، محکمہ قانون ، سی اینڈ ڈبلیو کے علاوہ دیگر محکموں کے اعلی افسران نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی کے منصوبے کو حتمی شکل دی گئی اور اجلاس کو بتایا گیا کہ اس اتھارٹی کے حوالے سے مرتب کردہ تجاویز وزیر اعلی کی منظوری کے بعد پنجاب اسمبلی میں پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی ایکٹ 2017 کی منظوری کے لئے پیش کر دیا جائے گا اور قانونی تحفظ ملنے کے بعد یہ اتھارٹی اپنا کام شروع کر دے گی ۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمن نے کہا کہ پنجاب روڈ سیفٹی اتھارٹی کا قیام وزیر اعلی محمد شہباز شریف کا انقلابی منصوبہ ہے جس کا مقصد لوگوں کو محفوظ طرز حیات مہیا کرنا ہے ۔اب ماؤں کو اپنے بچے سکول بھیج کر واپسی کی فکر نہیں ہو گی اور لوگ سڑکوں پر اطمینان و احساس تحفظ کے ساتھ اپنی منزلوں کی جانب گامزن ہوں گے ۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے مختلف اقدامات کئے گئے ہیں اس حوالے سے ایک قدم مزید آگے بڑھاتے ہوئے روڈ سیفٹی اتھارٹی کے ذریعے عوام کی حفاظت کے عمل کو ادارہ جاتی تحفظ دیا جار ہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام وزیر اعلی محمد شہباز شریف کے شکر گزار ہیں جنہوں نے عوامی بھلائی ، تحفظ اور معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے منظم اقدامات کئے ہیں اس طرح سرکاری محکموں کی سروس ڈلیوری بھی بہتر ہو ئی ہے اور بے وسیلہ افراد کو یہ احساس ہوا ہے کہ حکومت کا اولین مطمع نظر عوام کی فلاح ہے ۔