وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے بھکر کی رہائشی یتیم بچی مدثرہ پروین کی ملاقات، کم وسیلہ یتیم بچی کیلئے 10لاکھ روپے کی مالی امداد کااعلان

بدھ 1 فروری 2017 20:05

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے بھکر کی رہائشی یتیم بچی مدثرہ پروین ..
لاہور۔یکم فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے بد ھ کے روز یہاں بھکر کی رہائشی یتیم بچی مدثرہ پروین نے ملاقات کی،وزیراعلیٰ نے ایجوکیٹرکی بھرتی کیلئے تحریری امتحان میںمیرٹ پر آنے کے باوجودمدثرہ پروین کا انٹرویو نہ کرنے کاسخت نوٹس لیتے ہوئے بھرتی کیلئے قائم سلیکشن کمیٹی کے اراکین کے رویے پر سخت برہمی کا اظہار کیااور بھکر کے سابق ڈی سی او کو فوری طورپر او ایس ڈی بنانے اورسلیکشن کمیٹی میں شامل ای ڈی او ایجوکیشن سمیت تمام متعلقہ افسران کو فوری طورپر معطل کرنے کا حکم دیا۔

وزیراعلیٰ نے کم وسیلہ یتیم بچی مدثرہ پروین کیلئے 10لاکھ روپے کی مالی امداد کااعلان کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت آپ اور آپ کی بہنوں کی ہر ممکن دیکھ بھال کرے گی۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایجوکیٹر ز کی بھرتی کے عمل کی سکروٹنی کروائی جائے اوراس ضمن میں فوری طورپر مربوط لائحہ عمل تیار کرکے سکروٹنی کا آغاز کیا جائے۔مدثرہ پروین سمیت دیگر طالبات کے ازسر نو انٹرویوکیے جائیںاورمیرٹ پر فیصلہ کیا جائے ۔

ازسرنوانٹرویوز کیلئے فوری طورپر نئی سلیکشن کمیٹی تشکیل دی جائے ۔انہوںنے کہا کہ بغیر انٹرویو کیے بچی مدثرہ پروین کو کم نمبر دینے کا کوئی جواز نہیں بنتا۔مدثرہ پروین کو انٹرویو کیلئے بلاکرانٹرویونہ کرناافسوسناک امر ہے اوراس ضمن میں سلیکشن کمیٹی نے میرٹ کو پامال کیا ہے ۔انہوںنے کہا کہ سابق ڈی سی او بھکر کا رویہ آپ کیساتھ کسی طورپر مناسب نہیں تھا۔

آپ کے ساتھ انصاف ہوگااور جنہوںنے کوتاہی ،غفلت اورغیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا ہے ان کیخلاف قواعدوضوابط کے مطابق کارروائی ہوگی۔وزیراعلیٰ نے بچی کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ آپ فکرنہ کریں، آپ کو انصاف ہر صورت ملے گااورمیں کسی کو میرٹ سے انحراف نہیں کرنے دوں گا۔انہوںنے کہا کہ میرٹ کو پامال کرنے والے افسروں کو عہدوں پر رہنے کا کوئی حق نہیں۔

طالبہ مدثرہ پروین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے والدین وفات پاچکے ہیں،کوئی بھائی نہیں،ہم تین بہنیں ہیںاورمیں اپنے چچا کے پاس رہتی ہوں۔مجھے انٹرویو کیلئے بلایاگیا لیکن بغیر انٹرویو کے واپس بھجوادیاگیااورسابق ڈی سی او بھکر کے دفتر گئی لیکن انہوںنے بھی مجھے نہیں سنا۔چیئرمین وزیراعلیٰ معائنہ ٹیم نے اس ضمن میں کی جانیوالی تحقیقات کے حوالے سے رپورٹ پیش کی ۔