لاہور ہائیکورٹ کا کامسیٹس یونیورسٹی سے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بزنس میں ماسٹر کرنے والے طالبعلموں کو ڈگریاں جاری کرنے کا حکم

بدھ 1 فروری 2017 20:05

لاہور ہائیکورٹ کا کامسیٹس یونیورسٹی سے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بزنس ..
لاہور۔یکم فروری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 فروری2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے کامسیٹس یونیورسٹی سے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بزنس میں ماسٹر کرنے والے طالبعلموں کو ڈگریاں جاری کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی نے کیس کی سماعت کی۔ عدالتی سماعت کے موقع پردرخواست گزار کے وکیل چوہدری عمران نے عدالت کو آ گاہ کیا کہ کامسیٹس یونیورسٹی سے انفارمیشن ٹیکنالوجی اور بزنس میں ماسٹر کرنے والے طالبعلموں کو ڈگریاں جاری نہیں کی جاری ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کو طالبعلموں نے انٹرن شپ رپورٹس بھی جمع کرا رکھی ہیں جنہیں انتطامیہ کی جانب سے تسلیم نہیں کیا جا رہا۔یونیورسٹی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ طالبعلموں نے مقررہ مدت میں انٹرن شپ رپورٹ جمع نہیں کرائی۔جس پر عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ تاخیر سے جمع کرائی جانے والی انٹرن شپ رپورٹس کوجواز بنا کر طالبعلموں کو ڈگریاں جاری کرنے سے نہیں روکا جا سکتا۔ڈگریاں طالبعلموں کا مستقبل ہیں کسی کو ان کے مستقبل میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دی جائے گی۔عدالت نے طالبعلموں کو ڈگریاں جاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت نو فروری تک ملتوی کردی۔