ملک وال، انسانی سمگلر معصوم لوگوں کو سنہرے مستقبل کاجھانسہ دے کر انسانی زندگیوں سے کھیلنے لگا

بدھ 1 فروری 2017 16:47

ملک وال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 فروری2017ء) ملکوال کے موضع رکن کا رہائشی انسانی سمگلر معصوم لوگوں کو سنہرے مستقبل کاجھانسہ دے کر انسانی زندگیوں سے کھیلنے لگا ، مظہر رانجھا نے مجھ سے ساڑھے سات لاکھ روپے وصول کرنے کے باوجود یونان میں ایجنٹ کے آگے بیچ ڈالا جس نے مذید تاوان کے لیے میرے ہاتھ پائوں کی انگلیاں جلا ڈالیں۔ ڈاکٹر ز آپریشن کے ذریعے انگلیاں جلد کاٹنے کا مشورہ دے رہے ہیں ورنہ کینسر ہونے کا خدشہ ہے ، انسانی سمگلر مظہر رانجھا سکنہ رکن کی تلاش جاری ہے بہت جلد قانون کی گرفت میں ہو گا ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے گجرات سرکل محمد سرور تفصیلات کے مطابق شفقت آباد منڈی بہاوالدین میں مقیم مظہر اقبال نے اپنے خاندان کے ہمراہ نے صباح نیوز کو بتایا میں نے کاروبار کرنے کے لیے کچھ جمع پونجی اکھٹی کر رکھی تھی چند ماہ قبل میری ملاقات رکن کے رہائشی مظہر حیات رانجھا سے ہوئی جس نے مجھے کہا کہ میرا ذاتی کاروبار یونان میں ہے اگر تم مجھے ساڑھے سات لاکھ روپے ادا کرو تو میں تمہیں یونان لے جاتا ہوں جہاں تمہاری تنخواہ ایک لاکھ روپے ماہانہ ہو گی سنہرے مستقبل کے سہانے خواب اور غربت کی وجہ سے میری آنکھوں میں بھی اپنی فیملی کو سپورٹ کرنے کا جذبہ بیدار ہوا اور میں انسانی سمگلر کی باتوں میں آ گیا اور اسے ایڈوانس دو لاکھ روپے ادا کیے اس نے مجھے یہاں سے کراچی اور وہاں سے یونان براستہ ایران ، ترکی غیر قانونی طریقے سے پہنچایا ایران اور تہران پہنچنے پر انسانی سمگلر مظہر رانجھا مجھ سے رابطہ میں رہا اور قسطوں میں میری بیوی اور والدہ اس کے گھر جا کر بقایا رقم دیتے رہے جب یونان پہنچا تو بقایا رقم بھی میری بیوی نے اپنا زیور بیچ کر مظہر رانجھا کو اس کے گھر جا کر دے دی مظہر رانجھا نے مجھ سمیت درجنوں پاکستانی افراد کو یونانی ایجنٹ کے آگے تاوان کے لیے بیچ دیا ان ایجنٹوں نے ہمیں ایک کمرہ میں بند کر دیا اور ہم پر تشدد کرتے اور ہم سے پیسے منگوانے کے لیے گھر فون کرواتے رہے اور میرے ہاتھ پائوں پر پٹرول ڈال کر آگ لگا دی تا کہ میں بھاگ نہ سکوں بعد ازاں یونانی فوج کا چھاپہ پڑا تو ایجنٹ وہاں سے فرار ہو گیا اور ہمیں ڈی پورٹ کر دیا گیا پینتیس سالہ مظہر نے بتایا کہ میں انتہائی غریب آدمی ہوں کرایہ کے مکان میں رہائش پذیر ہوں اور اپنی کل جمع پونجی انسانی سمگلر کے جھانسہ میں آ کر لٹا بیٹھا ہوں اس کے باوجود مظہر حیات رانجھا انسانی سمگلر نے زیادتی کی مجھ پر مذید پیسوں کے لیے تشدد کروایا اب میں جس ڈاکٹر کے پاس اپنے ہاتھ پائوں چیک کرواتا ہوں تو وہ پائوں اور ہاتھوں کی انگلیاں آپریشن کر کے کاٹنے کا مشورہ دیتے ہیں جس پر لاکھوں روپے کا خرچہ ہے اگر جلد آپریشن نہ کیا گیا تو کینسر کا خدشہ ہے متاثرہ شخص کی بیوی نے وزیر اعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے مطالبہ کیا کہ اس انسانیت سوز واقعہ کا نوٹس لیں اور انسانی زندگیوں سے کھیلنے والے انسانی سمگلر مظہر حیات رانجھا کو فوری گرفتار کروائیں اور میرے خاوند کا علاج سرکاری خرچ پر کروائیں تا کہ میرا خاوند عمر بھر کی معذوری سے بچ سکے۔

(جاری ہے)

متاثرہ شخص نے کہا کہ میں نے ایف آئی اے گجرات سرکل کو انسانی سمگلر کے خلاف درخواست دے رکھی ہے اس بارے میں ڈپٹی ڈائریکٹر ایف آئی اے گجرات محمد سرور سے رابطہ کیا تو انہوں نے کہا انسانی سمگلر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جار ہے ہیں بہت جلد مظہر قانون کی گرفت میں ہو گا ۔