مسلم لیگ ف کا منحرف رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی کے خلاف فلور کراس کرنے کے خلاف الیکشن کمیشن میں 10 سال سزا اور نا اہلی کی درخواست دینے کا فیصلہ

منگل 31 جنوری 2017 23:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جنوری2017ء) فنکشنل مسلم لیگ نے منحرف رکن سندھ اسمبلی جام مدد علی کے خلاف فلور کراس کرنے کے خلاف الیکشن کمیشن میں 10 سال تک کی سزا اور نا اہلی کی درخواست دینے کا فیصلہ کیا ہے ۔ یہ فیصلہ فنکشنل مسلم لیگ سندھ کے صدر پیر سید صدرالدین شاہ راشدی کی سربراہی میں منعقد پارٹی کے اہم رہنمائوں کے اجلاس میں کیا گیا ۔

یہ اجلاس فنکشنل مسلم لیگ سندھ کے صدر پیر سید صدرالدین شاہ راشدی کی رہائشگاہ پر منعقد ہوا ۔ اجلاس میں پارٹی کی تنظیم سازی کو تیز کرنے سمیت دیگر اہم فیصلے کئے گئے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ سید مظفر حسین شاہ کی سربراہی میں قانونی ماہرین کی ٹیم جلد جام مدد علی کے خلاف الیکشن کمیشن مین ایک درخواست جمع کرائے گی جس میں کہا جائے گا کہ 18ویں ترمیم کے تحت فلور کراس کرنے والے رکن اسمبلی کے خلاف الیکشن کمیشن میں وہ پارٹی درخواست جمع کرا سکتی ہے جس کے تحت الیکشن کمیشن فلور کراس کرنے والے رکن اسمبلی کو 10سال تک کی سزا اور نا اہل کر سکتی ہے۔

(جاری ہے)

اس سلسلے میں فنکشنل مسلم لیگ کا موقف ہے کہ جام مدد علی نے فنکشنل مسلم لیگ کے نشان پھول کے تحت الیکشن میں حصہ لیا تھا اور رکنیت سے مستعفی ہونے سے قبل فنکشنل مسلم لیگ کے رکن اسمبلی کی حیثیت سے پارٹی چھوڑ کر پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی ہے ۔ قانونی ماہرین کی مشاورت کے بعد دو روز کے اندر فنکشنل مسلم لیگ کے رہنما سید مظفر حسین شاہ جام مدد علی کو10سال کی سزا اور نااہل کروانے کے لیے الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کروائیں گے۔#