دوسری پاکستان انٹر نیشنل جیمز اینڈ جیولری نمائش اپریل میں لاہور میں منعقد ہو گی

پاکستان سمیت دنیا بھر سے جواہرات و زیورات کی صنعت سے وابستہ افراد شرکت کریں گے

منگل 31 جنوری 2017 23:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جنوری2017ء) دوسری پاکستان انٹر نیشنل جیمز اینڈ جیولری نمائش 13سی16اپریل تک لاہور میں منعقد ہو گی ،نمائش کا مقصد ملک میں جواہرات و زیورات کی صنعت کو فروغ دیتے ہوئے بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی اور روابط پیدا کرنا ہے۔یہ اعلان پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی کے چیئرمین عبدالرزاق اور سی ای او بختیار خان نے مقامی ہوٹل میں میڈیا کو بتائی ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پاکستان جیمز اینڈ جیولری ڈویلپمنٹ کمپنی کا مقصد پاکستان میں جواہرات و زیورات کے بے پناہ خزانوں کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔ کمپنی اس حوالے سے مختلف اقدامات کر رہی ہے جن میں ٹریننگ، جدید ٹیکنالوجی کو متعارف کرانا ،معیاری مصنوعات کا فروغ، ملکی اور عالمی نمائشوں میں شرکت کے ذریعے مصنوعات کی تشہیر شامل ہیں ۔نمائش کے کامیاب انعقاد کے لئے تمام تر تیاریاں تکمیل کے مراحل میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس نمائش کی مارکیٹنگ پاکستان کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میںکی جارہی ہیں جس کی وجہ سے غیر ملکی جیمز اینڈ جیولری کی صنعت سے وابستہ کمپنیوں کی ایک بڑی تعداد کی اس نمائش میں شمولیت متوقع ہے۔