قانون سازی کے حوالے سے پنجاب ایک مثالی صوبہ ہے جس سے دیگر صوبے استفادہ کر سکتے ہیں‘رانا ثنا ء اللہ خاں

دھرنے ، لاک ڈائون ، ہڑتالیں ، لانگ مارچ ، عدالتی لڑائی جیسے غیر فلاحی ہتھکنڈوںسے حکومتی کارکردگی متاثر ہوتی ہے‘صوبائی وزیر قانون

منگل 31 جنوری 2017 23:18

قانون سازی کے حوالے سے پنجاب ایک مثالی صوبہ ہے جس سے دیگر صوبے استفادہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جنوری2017ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی اموررانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ جمہوریت کا تسلسل ہی کسی ملک کی ترقی کی اساس ہے،قانون سازی کے حوالے سے پنجاب ایک مثالی صوبہ ہے جس سے دیگر صوبے استفادہ کر سکتے ہیں ، ماضی میں پاکستان میں عوامی حکومتوں کو غیر جمہوری طریقوں سے ہٹایاجاتا رہا ہے،دھرنے ، لاک ڈائون ، ہڑتالیں ، لانگ مارچ اور عدالتی لڑائی ایسے غیر فلاحی ہتھکنڈے ہیں جن سے حکومتی کارکردگی متاثر ہوتی ہے۔

وہ 90 شاہراہ قائد اعظم پر لاہور کے دو روزہ دورہ پر آئے ہوئے 35 رکنی بین الپارلیمانی وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وفد کی قیادت ڈیمو کریسی رپورٹنگ انٹرنیشنل کے کنٹری ہیڈ حسن ناصر میر بہار کر رہے تھے۔ اس موقع پر صوبائی وزرا ایوب خان، جہانگیر خانزادہ ،ذکیہ شاہنواز اور ممبران صوبائی اسمبلی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ پاکستان کی ساری اسمبلیاں فیڈریشن کی اکائیاں ہیں ۔

ان اسمبلیوں میں موجود منتخب عوامی نمائندگان کے درمیان جتنی انڈر سٹینڈنگ ہوگی اتنی ہی فیڈریشن اور جمہوریت مضبوط ہوگی۔ انھوں نے کہا کہ پنجاب کی سٹینڈنگ کمیٹیز کی کارکردگی بہت بہتر ہے تاہم اقوام عالم کی نسبت ان میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی حکومت کو گرانے یا اسے کام نہ کرنے دیئے جانے میں ہمارے سیاسی عناصر پیش پیش ہوتے ہیں۔

وزیر قانون نے کہا کہ بین الپارلیمانی وفد کا موجودہ دورہ ڈی آر آئی کا قابل تحسین اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے وفود کا تبادلہ حکومتی انشی ایٹوز کے تحت ہو تو مزید بہتر ہو سکتا ہے۔ بعدا زاں ، اجلاس سے اراکین وفد نے بھی اظہار خیال کیا ۔ اراکین وفد نے پاکستانی پارلیمانی سسٹم کی بہتری کے لیے تجاویز بھی دیں اور چند مسائل کا تذکرہ بھی کیا ۔ اس موقع پر وزیر قانون نے مثبت تجاویز کا خیر مقدم کیا اور حل طلب مسائل کو وزیر اعلیٰ تک پہنچانے کا وعدہ کیا۔