کشمیر اور فلسطین کا حل منصفانہ اور جلد حل ہی دنیا میں امن و خوشحالی کا باعث بن سکتا ہے،پاکستان اورفلسطین کااتفاق

پاکستان ہر فورم پر فلسطینیوں کی اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا،پاکستان اور فلسطین کے درمیان دوطرفہ تجارت کا فروغ ضروری ہے،ممنون حسین ممنون حسین اورمحمودعباس کی ون آن ون ملاقات،ایوان صدرمیں وفود کی سطح پرمذاکرات بھی ہوئے

منگل 31 جنوری 2017 23:18

کشمیر اور فلسطین کا حل منصفانہ اور جلد حل ہی دنیا میں امن و خوشحالی ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جنوری2017ء) صدر مملکت ممنون حسین نے اور فلسطین کے صدر محمود عباس نے اتفاق کیا ہے کہ کشمیر اور فلسطین کا حل منصفانہ اور جلد حل ہی دنیا میں امن و خوشحالی کا باعث بن سکتا ہے۔دونوں رہنماؤں نے زور دیا کہ اسرائیل کو ناجائز تعمیرات سے روکا جائے اور فلسطین کے مسئلے کا حل نکالا جائے۔ صدر ممنون حسین نے کہا کہ ۲۰۱۷ اور ۲۰۱۸ کا سال فلسطین اور کشمیریوں کے لیے خیرو برکت کا سال ہو گا۔

دونوں رہنماؤں کے مابین ملاقات ایوانِ صدر میں ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے پہلے تنہائی میں ملاقات کی اور اس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور فلسطین کے درمیان تاریخی تعلقات ہیں جن کی بنیاد ثقافتی اور مذہبی عقاہد پر مبنی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام فلسطین کے لوگوں سے محبت رکھتے ہیں اور وہ فلسطینی مسئلے پر مکمل طور فلسطینی عوام کے ساتھ ہیں۔

اسلام آباد میں فلسطینی سفارت خانہ کا افتتاح دونوں ملکوں کے درمیان گہری دوستی کی نمایاں مثال ہے۔ صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان ہر فورم پر فلسطینیوں کی اخلاقی اور سفارتی مدد جاری رکھے گا۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان فلسطین کی آزاد ریاست جس کا دارالخلافہ القدس الشریف ہو کی حمایت کرتا ہے۔ صدر مملکت نے فلسطینی عوام کی بہادری اور جذبہ حریت کی بھی تعریف کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ کشمیر اور فلسطین کی عوام غاصبانہ افواج کے مظالم کا شکار ہیں۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور فلسطین کے درمیان دوطرفہ تجارت کا فروغ ضروری ہے۔ اس موقع پر مہمان صدر نے صدر مملکت ممنون حسین کا پرٴْجوش استقبال پر خیرمقدم کیا اور کہا کہ فلسطین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور ہم فلسطین کی حمایت کرنے پر پاکستان کے شکرگذار ہیں۔

اس سے قبل صدر مملکت ممنون حسین نے مہمان صدر کا ایوان صدر کے مرکزی دروازے پر پرتپاک استقبال کیا ، روایتی لباس میں ملبوس بچوں نے مہمان صدر کو گلدستے پیش کیے۔ وفود کی سطح پر ملاقت میں سرتاج عزیز ، وزیر اعظم کے مشیر برائے خارجہ امور ، لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ، وفاقی وزیر سیفران، سید طارق فاطمی ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے خارجہ امور بھی موجود تھے اور فلسطین کی طرف سے وزیر خارجہ ریاد این اے مالکی ، چیف جسٹس محمود ایس اے العباس کے علاوہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

صدر مملکت ممنون حسین نے فلسطینی صدر محمود عباس کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا جس میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وزیر ڈیفنس پروڈکشن رانا تنویر احمد ، وزیر ہائوسنگ اکرم درانی ، سروسز چیفس اور گورنرز نے بھی شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :