پنجاب میں خیبرپختونخوا حکومت کی سرکاری اراضی کی نیلامی کیلئے طریقہ کار وضع کیاجائے،وزیراعلیٰ پرویزخٹک

منگل 31 جنوری 2017 23:11

پنجاب میں خیبرپختونخوا حکومت کی سرکاری اراضی کی نیلامی کیلئے طریقہ ..
پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 31 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ پنجاب میں خیبرپختونخوا حکومت کی سرکاری اراضی کی نیلامی کیلئے طریقہ کار وضع کریں اور اس سلسلے میں تمام پہلوئوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک جامع کیس وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ کو منظوری کیلئے بھجوایا جائے۔ وہ پنجاب کے علاقے بھکر میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کی سرکاری اراضی کی نیلامی سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔

جس میں چیف سیکرٹری عابد سعید، ایڈیشنل چیف سیکرٹری اعظم خان، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، افضل لطیف اور انتظامی سیکرٹریوں نے بھی شرکت کی ۔اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کی بھکر میں کمرشل و زرعی اراضی موجود ہے جس کیلئے وزیراعلیٰ نے ایک کمیٹی تشکیل دی جو مذکورہ اراضی کی کھلے عام نیلامی کے ذریعے طریقہ کار وضع کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے اس سلسلے میں ایک سمری تیار کرنے کی بھی ہدایت کی ۔ وزیراعلیٰ نے ایک اور اجلاس کی صدارت کر تے ہوئے سرکاری اراضی کو کمرشل بنیادوں پر ترقی دینے کیلئے ایک چینی کمپنی کے ساتھ باہمی اشتراک کرنے کا بھی عندیہ دیا۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا وفاق کی ایک مضبوط اکائی کے طور پر اُبھر کر سامنے آئے اور یہ مقصد اُسی صورت حاصل کیا جا سکتا ہے جب صوبے کے وسائل میں خاطر خواہ اضافہ کیا جا سکے اور صوبے کی مالی پوزیشن مستحکم بنائی جائے۔

حکومت نے اس سلسلے میں پہلے ہی سے مختلف محکموں کی سرکاری اراضی کو کمر شلائیزیشن کیلئے استعمال میں لانے کیلئے اقدامات اُٹھائے ہیں تاکہ صوبے کی مالی حالت بہتر ہو اور ہمیں دوسروں پر انحصار کرنے کی بجائے مالی استحکام حاصل ہو اور ہم اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کے قابل ہو سکیں۔ انہوںنے تمام بس اڈوں کو مین ٹرمینل میں منتقل کرنے کی بھی ہدایت کی ۔

انہوںنے کہا کہ کمر شلائیزیشن ہمارے صوبے کیلئے آمدن کا ایک مستقل ذریعہ ثابت ہو گا۔ چیف سیکرٹری ،ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، ایس ایم بی آر اور انتظامی سیکرٹریز نے بھی اجلاس میں شرکت کی ۔وزیراعلیٰ نے آج ایک اور اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ونڈ فال لکڑی کی کھلے عام شفاف نیلامی کرانے کی بھی ہدایت کی ۔ انہوںنے تمام لکڑی نیلام کرنے کی ہدایت کی۔

ایک سوال پر وزیراعلیٰ نے کہاکہ ونڈ فال لکڑی کی نیلامی روکنا ذخیرہ اندوزی کرنے کے مترادف ہے۔ جس کی ہم اجازت نہیں دیں گے اور اس سے آندھی اور طوفان وغیرہ سے متاثرہ جنگلات کی سائنسی بنیادوں پر کٹائی کا عمل بھی سست روی کا شکار ہوجائے گا۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ جنگلات کی جانب سے اچھے کاموں کو سراہا اور اورزور دیا کہ وہ مارکیٹ ریٹ پر ونڈ فال لکڑی کی کھلے عام نیلامی کا عمل جاری رکھیں۔

انہوںنے کہاکہ بین الاقوامی برادری نے صوبے کے سونامی بلین ٹری پراجیکٹ کو سراہا ہے۔ واضح رہے کہ بلین ٹری سونامی بین الااقوامی سطح پر چوتھا بڑا منصوبہ ہے جبکہ صوبائی سطح پر دیگر صوبوں کی نسبت پہلے نمبر پر ہے۔وزیراعلیٰ نے بلین ٹری سونامی پراجیکٹ کی کامیابی کیلئے کہا کہ پودوں کی مناسب نگہداشت ، حفاظت اور آبیاری آئندہ دو سال تک اشد ضروری ہے۔ انہوںنے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت نہ برتی جائے تاکہ اس منصوبے کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :