سینیٹ سلیکٹ کمیٹی کے اجلاس میں مریم اورنگزیب اور سابق وفاقی وزیر پرویز رشید کی ایک دوسرے کی تعریفیں

اطلاعات تک رسائی کے بل پر سینیٹرپرویز رشید نے بہت محنت کی‘بہتر سے بہتر بنانے کیلئے مثبت اقدامات کئے‘ وزیر مملکت اطلاعات ْ مریم اورنگزیب نہایت باصلاحیت پارلیمنٹرینز ،بل کی تیاری میں اہم کردا ر ہے ، پرویزرشید

منگل 31 جنوری 2017 22:59

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 جنوری2017ء) سینیٹ کی سلیکٹ کمیٹی برائے اطلاعات تک رسائی بل 2016کے اجلاس میں وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید کی ایک دوسرے کی تعریفیں ،اجلاس میں وزیر مملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ اطلاعات تک رسائی کے بل پر سینیٹر پرویز رشید نے بہت محنت کی اور بل کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے مثبت اقدامات کئے جبکہ سابق وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ مریم اورنگزیب نہایت ہی باصلاحیت پارلیمنٹرینز ہیں ،انہوں نے بھی بل کی تیاری میں اپنا اہم کردارادا کیا ،کمیٹی اجلاس کے دوران سرکاری ریکارڈ کو جلانے کے مرتکب افسران کیلئے سزا کے تعین اور جرمانے پر رکن کمیٹی سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ریکارڈ جلانے کے مرتکب سرکاری افسر کو 50ہزار کی بجائے ایک لاکھ جرمانہ کیا جانا چاہیے جس پر سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ اس کا سب سے زیادہ نقصان خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک کو ہو گا جس پر کمیٹی اجلاس کشت زعفران بن گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں چیئرمین کمیٹی کی جانب سے سرکاری ریکارڈ کو 20سال بعد پبلک کرنے کی تجویز پر سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ سرکاری ریکارڈ 20کی بجائے 10سال بعد پبلک کیا جانا چاہیے جس پر سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ سرکاری ریکارڈ 10اور20سال کی بجائے ہر دو سال بعد پبلک کیا جانا چاہیے تاکہ عوام کو پتا چل سکے کہ میری اور پرویز کی وزارتیں کیوں گئیں ۔(رڈ)