سیف سٹی پراجیکٹ شہریوں کو پرامن ماحول کی فراہمی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے‘شہبازشریف

پنجاب حکومت لاہور میں سیف سٹی پراجیکٹ پر تیز رفتاری سے کام کر رہی ہے، 6 بڑے شہروں میں بھی اس منصوبے کا آغاز کیا جائیگا پنجاب حکومت کے ساتھ کام کرنا چاہتے ہیں، تیز رفتار ترقی کیلئے شہبازشریف کے اقدامات قابل ستائش ہیں‘وینگ ہیلن

منگل 31 جنوری 2017 21:55

سیف سٹی پراجیکٹ شہریوں کو پرامن ماحول کی فراہمی کے حوالے سے انتہائی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وینگ ہیلن کی قیادت میں چین کے سرمایہ کاروں کے وفد نے ملاقات کی جس میں پنجاب میں سرمایہ کاری اور سیف سٹی پراجیکٹس کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت لاہور میں سیف سٹی پراجیکٹ پر تیز رفتاری سے کام کر رہی ہے۔

لاہور کے ساتھ دیگر 6 بڑے شہروں میں بھی اس منصوبے کا آغاز کیا جائے گا۔سیف سٹی پراجیکٹ شہریوں کو پرامن ماحول کی فراہمی کے حوالے سے انتہائی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین کی متعدد کمپنیاں پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔پنجاب اور چین کی کمپنیوں کے مابین بڑھتا ہوا اشتراک دونوں ممالک کے معاشی تعلقات میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور چین کے مابین دوستی کا لازوال رشتہ موجود ہے اور چین پاکستان کا وہ عظیم دوست ہے جس نے مشکل کی گھڑی میں پاکستان کا ہاتھ تھاما ہے۔چائنہ پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت چین پاکستان میں 52 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ سی پیک گیم چینجر ہے جس سے پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔ سی پیک نے پاکستان میں بیرونی سرمایہ کاری کے دروازے کھول دیئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شفافیت، معیار اور برق رفتاری سے منصوبوں کی تکمیل پنجاب حکومت کی پالیسی ہے۔ سرمایہ کاروں کو پنجاب میں ہرممکن سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ چین کے سرمایہ کاروں کے وفد کے سربراہ وینگ ہیلن نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ صوبے کی تیز رفتار ترقی کیلئے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف کے اقدامات قابل ستائش ہیں۔ پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کے چیف آپریٹنگ آفیسر اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :