ْبجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے کئی منصوبوں پر کام شروع کیا ہے، وزیر اعلی مراد علی شاہ

منگل 31 جنوری 2017 21:43

ْبجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے کئی منصوبوں پر کام شروع کیا ہے، وزیر ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 جنوری2017ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ صوبے میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کے لیے متبادل توانائی کے منصوبوں پر سنجیدگی سے توجہ دے رہی ہے ۔ کئی منصوبوں پر کام شروع کر دیا گیا ہے اور مستقبل میں ایسے کئی منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا ۔ انہوں نے یہ بات منگل کو سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پرائیویٹ ممرز ڈے کے موقع پر ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہی ۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت سندھ کے زیر اہتمام سولر انرجی کے کئی پروجیکٹ چل رہے ہیں اور انڈین بارڈرز کے قریب دو دیہاتوں کو ماڈل پروجیکٹ کے تحت شمسی توانائی کے ذریعہ بجلی فراہم کر دی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ سولر انرجی زرعی مقاصد کے لیے بھی استعمال کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ زراعت کے لیے ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی کے ذریعہ چلایا جا سکے ۔

(جاری ہے)

سولر اسٹریٹ لائٹس کا بھی ایک بڑا پروجیکٹ زیر تکمیل ہے ۔ وزیر اعلیٰ سندھ کا کہناتھا کہ 650 میگاواٹ بجلی ونڈ کے ذریعہ حاصل کرکے نیشنل گرڈ اسٹیشن میں شامل کی جائے گی اور عنقریب 350 میگاواٹ کے مزید منصوبے بھی مکمل کر لیے جائیں گے ۔ انہوںنے کہا کہ 2500 میگاواٹ کے مزید منصوبوں پر بھی کام کر رہے ہیں تاہم گرڈ کی عدم دستیابی کے باعث یہ منصوبے تعطل کا شکا رہیں ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت سندھ نے وفاق کو گرڈ کی فراہمی کے لیے لکھا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ وہ اپنی پہلے سے کرائی گئی یقین دہانی کے مطابق یہ گرڈ فراہم کر دے گا ۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اس حوالے سے ایم کیو ایم کی خاتون رکن نائلہ منیر کی جانب سے ایوان میں پیش کردہ قرار داد کی بھی حمایت کی ۔