وزیر داخلہ نے اسلام آباد اور راولپنڈی کی ٹریفک پولیس کو ایک جامع ٹریفک مینجمنٹ پلان تیار کرنے کیلئے 48 گھنٹے کا وقت دیدیا

ڈیوٹی کے اوقات میں ٹریفک وارڈن کے موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی ہو گی ،ْچوہدری نثار علی خان کی ہدایت

منگل 31 جنوری 2017 21:27

وزیر داخلہ نے اسلام آباد اور راولپنڈی کی ٹریفک پولیس کو ایک جامع ٹریفک ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جنوری2017ء) وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے جڑواں شہروں کی مختلف سڑکوں پر ٹریفک کے دبائو کو کم کرنے کیلئے اسلام آباد اور راولپنڈی کی ٹریفک پولیس کو ایک جامع ٹریفک مینجمنٹ پلان تیار کرنے کیلئے 48 گھنٹے کا وقت د یتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ ڈیوٹی کے اوقات میں ٹریفک وارڈن کے موبائل فون کے استعمال پر مکمل پابندی ہو گی۔

وہ منگل کو یہاں اجلاس کے شرکاء سے خطاب کررہے تھے جس میں راولپنڈی کے میئر بھی شامل تھے، وفاقی وزیر داخلہ نے منتخب نمائندوں اور انتظامیہ اور پولیس کے سینئر افسران سے کہا کہ وہ خود کو اپنے دفاتر تک ہی محدود نہ رکھیں بلکہ صورتحال کے جائزے بالخصوص ٹریفک اور سیکیورٹی کی صورتحال جاننے کیلئے جڑواں شہروں کی ہر جگہ کا ذاتی طور دورہ کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہ افسوس کی بات ہے کہ سینئر افسران صرف اپنے دفاتر تک محدود رہتے ہیں اور اصل صورتحال سے بے خبر رہتے ہیں جس سے مختلف ایشوز کے باعث عام لوگوں کو مشکلات ہوتی ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ اے آئی جی آپریشنز اسلام آباد اور آر پی او راولپنڈی کی زیر نگرانی جڑواں شہروں کیلئے 48 گھنٹے کے اندر ایک جامع ٹریفک پلان تیار کیا جائے اور متعلقہ چیف کمشنر اسلام آباد اور کمشنر راولپنڈی کی جانب سے ٹریفک پلان کا مزید جائزہ لیا جائے۔

ٹریفک خلاف ورزیوں کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر داخلہ نے ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں ٹریفک حکام کی کوئی سستی نہیں ہونی چاہئے ،ْانہوں نے کہا کہ ٹریفک خلاف ورزیوں کی صورت میں موقع پر جرمانے کئے جائیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ اس اصول پر بلاامتیاز عملدرآمد کیا جائے۔ ٹریفک کے مسائل پر قابو پانے کیلئے ٹریفک مینجمنٹ سٹرٹیجی کے سلسلہ میں انہوں نے کہا کہ ابتدائی طور پر جڑواں شہروں کی چار بڑی شاہرات بشمول کشمیر ہائی وے، ایکسپریس وے، بلیو ایریا، فیض آباد، کنونشن روڈ، مری روڈ، پشاور روڈ، ایئرپورٹ روڈ اور راول روڈ پر توجہ مرکوز کی جائے اور ٹریفک کی آسانی کیلئے اقدامات اختیار کئے جائیں۔

جڑواں شہروں میں دیگر سڑکوں کیلئے بھی ٹریفک پلان کو وسعت دی جائے ،ْبالخصوص کمرشل ایریا میں بے قاعدہ پارکنگ کے حوالہ سے وزیر داخلہ نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ مقررہ مقامات پر پارکنگ کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے جڑواں شہروں کی ٹریفک پولیس کو حکم دیا کہ نادرا کے رابطہ سے مختلف بڑی سڑکوں پر ٹریفک کا جائزہ لیا جائے اور اسے باقاعدہ بنایا جائے اور سیف سٹی پراجیکٹ سے استفادہ کیا جائے۔

انہوں نے آئی سی ٹی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ فیض آباد اور کشمیر ہائی وے پر جدید ٹول پلازے قائم کئے جائیں تاکہ جڑواں شہروں میں روزانہ چلنے والی گاڑیوں کے آنے جانے میں سہولت ملے۔ انہوں نے اڈیالہ روڈ پر ٹریفک کے دبائو اور بے قاعدہ پارکنگ کا بھی نوٹس لیا جو عام لوگوں کیلئے مشکلات کا باعث ہے۔ وزیر داخلہ نے چیف ٹریفک آفیسر راولپنڈی کو ہدایت کی کہ اڈیالہ روڈ پر ٹریفک کی آسانی کو یقینی بنایا جائے۔