امریکا کو محفوظ بنائے بغیر دہشتگردوں کے پیچھے بھاگنے کا فائدہ نہیں،ڈونلڈ ٹرمپ

ہوائی اڈوں سے 3 لاکھ 25 ہزار مسافروں میں سے صرف 109 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا، زیادہ افراتفری کمپیوٹر سسٹم میں خرابی کے باعث پھیلی،امریکا کو عظیم بنانے کا وعدہ پورا کر کے رہیں گے،امریکی صدر کا ٹویٹر پر پیغام

پیر 30 جنوری 2017 23:40

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 جنوری2017ء)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تارکین وطن کی گرفتاریوں کے باعث ہوائی اڈوں پر مظاہروں اور ہنگاموں کو کمپیوٹر کی خرابی سے پیدا ہونے والی افراتفری قرار دے کر جان چھڑانے کی کوشش کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسائل کمپیوٹر سسٹم میں خرابی کے باعث پیدا ہوئے۔امریکی میڈیاکے مطابق ہزاروں افراد کے مظاہروں کے باوجود ڈونلڈ ٹرمپ نے میں نہ مانوں کی رٹ لگا رکھی ہے۔

(جاری ہے)

امریکی صدر تارکین وطن کی گرفتاریوں کے خلاف مظاہروں کو کمپیوٹر کی خرابی کے باعث ہونے والی افراتفری قرار دے کر جان چھڑانے کی کوشش کرتے نظر آئے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہوائی اڈوں سے 3 لاکھ 25 ہزار مسافروں میں سے صرف 109 افراد کو حراست میں لیا گیا تھا، زیادہ افراتفری کمپیوٹر سسٹم میں خرابی کے باعث پھیلی۔ تھوڑے مسائل مظاہرین اور سنیٹر شیومر کے رونے دھونے سے بھی پیدا ہوئے۔ امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اپنے ملک کو محفوظ بنائے بغیر دہشت گردوں کے پیچھے بھاگتے رہنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے امریکا کو عظیم بنانے کا جو وعدہ کیا ہے، اسے پورا کر کے رہیں گے۔