فلسطینی صدر محمود عباس تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے، صدر ممنون حسین اوردیگر اعلیٰ حکام نے استقبال کیا

پاکستانی قوم کا دل فلسطین کے عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے ، فلسطین کی آزادی کے لیے بین الاقوامی سطح پر آواز اٹھاتے رہیں گے اور فلسطین میں اسرائیلی مسلح فوجیوں کی طرف سے جاری ظلم کی پر زور مذمت کرتے ہیں،صدرممنون حسین پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں،فلسطینی صدر محمود عباس کا صدر مملکت کے جذبہ خیرسگالی کاخیر مقدم

پیر 30 جنوری 2017 23:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 جنوری2017ء) فلسطین کے صدر محمود عباس تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ، اسلام آباد ائیر پورٹ پر صدر ممنون حسین اوردیگر اعلیٰ حکام نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ تفصیلات کے مطابق پیر کی شب فلسطین کے صدر محمود عباس پاکستان کے تین روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے ۔ نور خان ایئربیس پر صدر مملکت ممنون حسین نے ان کا استقبال کیا۔

اس موقع پر فلسطینی صدر کو روایتی لباس میں ملبوس دو بچوں نے پھولوں کے گلدستے پیش کیے۔ فلسطینی صدر کے ہمراہ سترہ رکنی وفد بھی پاکستان پہنچا ہے جو مختلف شعبوں میں پاکستانی حکام سے بات چیت کرے گا۔ فلسطینی صدر محمود عباس کا پاکستان کا یہتیسرا دور ہ ہے ۔ اس موقع پر دونوں رہنماوں کے درمیاں خوشگوار جملوں کا تبادلہ ہوا۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستانی قوم کا دل فلسطین کے عوام کے ساتھ دھڑکتا ہے اور وہ فلسطین کی آزادی کے لیے بین الاقوامی سطح پر آواز اٹھاتے رہیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ہم فلسطین میں اسرائیلی مسلح فوجیوں کی طرف سے جاری ظلم کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے صدر مملکت کے جذبہ خیرسگالی کاخیر مقدم کیا اور کہا کہ وہ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ نور خان ایئر پورٹ پر پاکستان کے اعلیٰ سول و فوجی حکام بھی فلسطینی صدر محمود عباس کے استقبال کے لیے موجود تھے۔ فلسطینی صدر وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کرینگے اس کے علاوہ صدر محمود عباس اور وزیر اعظم نواز شریف فلسطینی سفارت خانے کا افتتاح بھی کرینگے ۔

فلسطینی صدر محمود عباس پاکستانی ہم منصب ممنون حسین سے بھی ملاقات کرینگے۔ صدر مملکت معزز مہمان اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے ۔ پاکستان ہمیشہ آزاد اور خود مختار فلسطین کا حامی رہا ہے ۔