ہرنائی میں تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع ،ضلع بھر کے تمام دوردراز علاقوں میں پولیوکے قطرے پلانے والی ٹیموں کو سخت سیکورٹی میں متعلقہ علاقوں میں ایک روز قبل ہی پہنچادیا گیا، والدین اپنے بچوں کوپولیوکے قطرے پلائیں اورپولیو ٹیموں سے تعاون کریں، ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ قریش

پیر 30 جنوری 2017 23:54

ہرنائی۔30جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2017ء) ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ قریش نے کہا ہے کہ ضلع ہرنائی میں گزشتہ روز تین روزہ انسداد پولیو مہم شروع ہوچکی ہے‘ ضلع بھر کے تمام دوردراز علاقوں میں پولیوکے قطرے پلانے والے ٹیموں کو سخت سیکورٹی میں متعلقہ علاقوں میں ایک روز قبل ہی پہنچادیا گیا ہے‘ والدین سمیت معاشرے کے ہر طبقہ فکر کے افراد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کیلئے اپنا بھرپور کرداراداکریں‘ والدین اپنے بچوں کوپولیوکے قطرے پلائیں اورپولیو ٹیموں سے تعاون کریں‘ والدین عوام، علماء کرام کے تعاون سے ہی اس موذی مرض کا خاتمہ ممکن ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی ہیڈکوارٹر ہسپتال میں انسداد پولیو مہم کے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے پشتونخوامیپ کے ضلعی سیکرٹری و چیئرمین میونسپل کمیٹی ہرنائی سید غفورشاہ ،پیرامیڈیکل اسٹاف کے ضلعی ترجمان یزدانی ترین ، ای پی آئی کے انچارج غلام فاروق ترین ، حاجی محمد ندیم صدر پریس کلب ہرنائی حنیف ترین بھی موجود تھے۔

تقریب سے چیئرمین میونسپل کمیٹی ہرنائی سید غفورشاہ اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد جاوید نے بھی خطاب کیا جبکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے شرکاء کو تین روزہ انسداد پولیو مہم کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ضلع ہرنائی میں 88 موبائل ، 14 فکسڈ سنٹرز ، 4 ٹرانزٹ پوائنٹ بنائے گئے ہیں جبکہ پولیو قطرے پلانے والے ٹیمیوں کے ساتھ اے ایریا میں پولیس جبکہ بی ایریا میں لیویز فورس کی بھاری نفری تعینات کیا گیا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ قریش نے علاقے کے عوام پر زور دیا کہ وہ پولیوکے قطرے پلانے والے محکمہ صحت کے اہلکاروں سے بھرپورتعاون کریں اور کسی بھی علاقے کو پولیو کے قطرے پلانے ٹیمیں نہ پہنچیں تو طور پر پولیو کی کنٹرول روم کو اطلاع کردیں تاکہ بروقت مذکورہ علاقے میں پولیو ٹیمیں بجھوانے کیلئے ا قدامات کرسکیں۔ انہوں نے محکمہ صحت کے اہلکاروں پر زور دیا کہ وہ اس تین روزہ پولیومہم کے دوران اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے پانچ سال تک کے تمام بچوں کو ضلع بھر میں پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائیں تاکہ معاشرے سے اس موذی مرض سے چھٹکارہ حاصل کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے ترقی یافتہ ممالک کی تقلید کرتے ہوئے حکومت پاکستان نے اپنے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اورمستقبل کے معماروں کو اس مرض سے بچانے کیلئے حکومت اور محکمہ صحت خصوصی دلچسپی لے رہے ہیںاورہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہی ہے تاہم اس مرض کے مکمل خاتمے کے لیے معاشرے میں شعور و آگاہی فراہم کرنا بھی ناگزیر ہے اور اس سلسلے میں معاشرے کے ہر فرد خصوصاً والدین ، علماء کرام اور میڈیا کے کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس قسم کے پروگراموں کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ عوام میں پولیو کے خاتمے کے لیے شعور و آگاہی کی فراہمی انتہائی ضروری ہے تاکہ عوام میں پائی جانے والی غلط فہمیوں کو دور کیا جاسکے اور یہ باور کرایا جائے کہ پولیو کے قطرے پلانے سے ان کے بچے اس موذی مرض سے بچ سکتے ہیں۔ تقریب سے کے اختتام پر ڈپٹی کمشنر عصمت اللہ قریش ، چیئرمین مونسپل کمیٹی ہرنائی سید غفورشاہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد جاوید نے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلا کر ضلع میں تین روزہ مہم کا افتتاح کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :