پی ٹی آئی کے تمام الزامات مفروضات پر مبنی ہیں ،ْ منی لانڈرنگ سمیت تمام الزامات بے بنیاد ثابت ہوں گے ،ْ طارق فضل چوہدری

پیر 30 جنوری 2017 23:52

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2017ء)وزیرمملکت برائے کیڈ ڈاکٹر طارق فضل چوہدری نے کہا کہ پاناما کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے تمام الزامات مفروضات پر مبنی ہیں ،ْ منی لانڈرنگ سمیت تمام الزامات بھی بے بنیاد ثابت ہوں گے۔ سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طارق فضل نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے وزیر اعظم محمد نواز شریف اور ان کے خاندان پر منی ٹریل نہ ہونے کا الزام لگایا جا رہا تھا، آج عدالت میں منی ٹریل کی تمام تر تفصیلات پیش کی گئی ہیں اس لئے اس پر وہ آج بات نہیں کریں گے لیکن وہ یہ ضرور کہیں گے کہ جو الزام لگاتا ہے اس پر یہ ذمہ داری بھی عائد ہوتی ہے کہ وہ ثبوت پیش کرے اور چونکہ پی ٹی آئی کے تمام تر الزامات مفروضات پر مبنی ہیں اس لئے پی ٹی آئی جماعت اب تک کوئی بھی ثبوت پیش کرنے سے قاصر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ آنے والے دنوں میں لوگ یہ دیکھیں گے کہ وزیر اعظم کی فیملی اپنے اوپر لگائے گئے تمام تر الزامات کو بے بنیاد ثابت کر کے عوام کے سامنے سرخرو ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان بار بار اس بات کا کریڈٹ لے رہے ہیں کہ شریف خاندان سے احتساب ان کی کوششوں کا نتیجہ ہے، حقیقت یہ ہے کہ اس میں کوئی صداقت نہیں، وزیر اعظم نے خود اپنے آپ کو احتساب کے لئے پیش کیا ہے اور خود کہا ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کی جائے تاکہ سچ کو سامنے لایا جا سکے۔

ڈاکٹر طارق فضل نے کہا کہ جس طرح سال 2013 میں پی ٹی آئی کی جانب سے مسلم لیگ (ن) پر لگایا گیا دھاندلی کا الزام غلط ثابت ہوا تھا اسی طرح پی ٹی آئی کی طرف سے شریف خاندان پر لگائے جانے والے منی لانڈرنگ سمیت تمام الزامات بھی بے بنیاد ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آخر میں وہ عمران خان کو یہ کہیں گے کہ وہ اپنی بیٹی پر ترس کھائیں۔