اراکین اسمبلی کو عوام اور ملک کی ترقی کیلئے بہتر قانون سازی کرنی چاہیے‘رانا محمد اقبال خاں

چاروں صوبائی حکومتوں کو تعلیم پرخصوصی توجہ دینا ہو گی تعلیم کے بغیر ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا‘سپیکرپنجاب اسمبلی

پیر 30 جنوری 2017 23:16

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 جنوری2017ء) اسپیکر پنجاب اسمبلی رانا محمد اقبال خاں نے کہا کہ اراکین اسمبلی کو عوام اور ملک کی ترقی کے لیے بہتر قانون سازی کرنی چاہیے، چاروں صوبائی حکومتوں کو تعلیم پرخصوصی توجہ دینا ہو گی کیونکہ تعلیم کے بغیر ملکی ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا، جمہوریت کی بحالی میں تمام مکاتب فکر نے اپنا اپنا کردار ادا کیا ہے،ملک کو درپیش مشکلات سے نکالنے کے لیے ہمیں اتفاق و اتحاد سے ملکی تعمیر میں حصہ لینا ہوگا، دہشت گردی، توانائی کا بحران، مہنگائی اور بے روز گاری ہمارے اجتماعی مسائل ہیںان کے مناسب اور بر وقت حل کے لیے اجتماعی کوششیں ہونی چاہیئں،حکومت نے افواج پاکستان کی بے مثال اور ان تھک محنت سے دہشت گردی پر کافی حد تک قابو پا لیا گیا ہے، ہمیں صوبوں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کر کے صوبائی اور لسانی تعصبات سے بالا تر ہو کر صوبوں اور ملک کی ترقی کے لیے سوچنا چاہیے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے 35رکنی انٹر پارلیمانی وفد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسسز اور ڈیمو کرسی رپور ٹنگ انٹرنیشنل کے تعاون سے سینٹ آف پاکستان ، نیشنل اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے اراکان پر مشتمل 35 رکنی وفد اپنے دو روزہ دورے پر لاہور آیا ہوا ہے۔ وفد نے پنجاب اسمبلی میں سپیکر رانا محمد اقبال خاں سے ملاقات کی۔

ملاقات میں پنجاب اسمبلی کے سینئر سیکرٹری رائے ممتاز حسین بابر ، پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسسزکے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ظفراللہ خاں اور ڈیمو کریسی رپورٹنگ انٹر نیشنل کے کنٹری حسن ناصر میر بہار بھی موجو د تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر نے مزیدکہا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کے اراکین اسمبلی پر مشتمل پارلیمانی وفد کا اہتمام نہایت خوش آئندہ اقدام ہے۔

انہوں نے کہاکہ اراکین اسمبلی چاروں صوبوں کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ اس سے نہ صرف ملک میں ہم آہنگی اور بھائی چارے کی فضا قائم کرنے میںمدد ملے گی بلکہ اس سے صوبوں کے درمیان مختلف مسائل کو سمجھنے اور ان کے حل کی طرف بڑھنے کا موقع ملے گا۔بعدازاں سپیکر نے وفد کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام کیا۔ وفد کے شرکائ نے اسمبلی کی کارروائی بھی دیکھی۔

متعلقہ عنوان :