عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے ‘شہبازشریف

وقت بدل چکا ہے، ہیلتھ کئیر سسٹم میں بہتری کیلئے اصلاحاتی پروگرام پر تیزی سے عملدرآمد کیلئے بلاتاخیر فیصلے کرنا ہونگے وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس، صوبائی کابینہ کمیٹی برائے صحت کو مزید بااختیار بنانے کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا

پیر 30 جنوری 2017 23:05

عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے ‘شہبازشریف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صحت عامہ کی بہتری کیلئے اصلاحاتی پروگرام پر تیزی سے پیش رفت کیلئے صوبائی کابینہ کمیٹی برائے صحت کو مزید بااختیار بنانے کیلئے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالو ںمیں مریضوں کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے اور صوبے کے عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے جامع اصلاحاتی پروگرام پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔

ہیلتھ کئیر سسٹم میں بہتری کیلئے اصلاحاتی پروگرام پر تیزی سے عملدرآمد اور درست سمت میں اقدامات اٹھانے کیلئے بلاتاخیر فیصلے کرنا ہوں گے۔

(جاری ہے)

روایتی طریقہ کار کو چھوڑ کر انفرادیت اور جدت کے ساتھ آگے بڑھنا ہے۔ انہو ںنے کہا کہ فیصلوں پر عملدرآمد میں غیر ضروری تاخیر کسی صورت نہیں ہونی چاہیئے اور اس ضمن میں صوبائی کابینہ کمیٹی برائے صحت کو مزید بااختیار بنانا ہوگا۔

عوام کو علاج معالجے کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے کابینہ کمیٹی کو جتنا بااختیار بنائیں گے ،اتنے مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔انہوںنے کہا کہ وقت بدل چکا ہے اور اب ایک لمحے کی بھی تاخیر کی کوئی گنجائش نہیں۔روایتی اور طویل طریقہ کار کو جدید ، پیشہ ورانہ اور مختصر طریقہ کار سے بدلنا ہے تاکہ مثبت نتائج جلد سامنے آئیں اوردکھی انسانیت کو وہ خدمات دی جاسکیں جسے ماضی میں نظر انداز کیاگیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے تیز رفتاری سے پیشہ ورانہ انداز سے نظام میں بہتری لائی جائے گی اور ان تمام اقدامات کا مقصد عام آدمی کو علاج معالجے کی وہ سہولتیں فراہم کرنا ہیں جو ان کا حق ہیں۔ صوبائی وزراء عائشہ غوث پاشا، خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر، مشیر ڈاکٹر اعجاز نبی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :