وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس،ایف ڈبلیو او کے تعاون سے لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ اور دیگر منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا

لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ کے منصوبے پر کام کی پیش رفت پر اطمینا ن کااظہار،لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ ،پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پنجاب حکومت اورایف ڈبلیواو کابڑا پراجیکٹ ہے ‘شہباز شریف لاہور رنگ روڈسدرن لوپ کے منصوبے کا مجموعی طورپر 42فیصد کام مکمل ہوچکا ،اس منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کرینگے ‘ڈی جی ایف ڈبلیو او

پیر 30 جنوری 2017 23:05

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اجلاس،ایف ڈبلیو او کے تعاون سے لاہوررنگ روڈ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیر صدارت یہاں اجلاس منعقد ہواجس میں ڈائریکٹر جنرل فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے بھی شرکت کی ۔اجلاس میں فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے تعاون سے لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ کے منصوبے اور دیگر منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہوررنگ روڈسدرن لوپ کے منصوبے کی تکمیل سے معاشی و سماجی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت پنجاب حکومت اورایف ڈبلیواو کایہ بہت بڑا پراجیکٹ ہے ۔انہوںنے کہا کہ لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ کے منصوبے کی تکمیل سے شہریوں کو مزید سہولتیں میسر آئیں گی اورمجھے خوشی ہے کہ اس منصوبے کومقررہ مدت میں مکمل کرلیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ امید ہے کہ لاہور رنگ روڈ سدرن لوپ کی22.4کلومیٹر طویل سڑک رواں برس جون، جولائی تک ٹریفک کیلئے کھول دی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ سدرن لوپ۔تھری کے منصوبے پر بھی فوری طورپر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔اس لئے 8کلو میٹر طویل سدرن لوپ ۔تھری کے منصوبے پرکام شرو ع کرنے کیلئے بھی فوری طورپر اقدامات کیے جائیں ۔ اس منصوبے کی تکمیل سے لاہور رنگ روڈ کا پورا منصوبہ پایہ تکمیل تک پہنچے گا۔

وزیر اعلی نے کہا کہ جدید ذرائع آمدورفت ترقی کے سفر میں اہم کردارادا کرتے ہیں ۔انہوںنے کہا کہ جہاں سڑک بنتی ہے وہاں نہ صرف روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں بلکہ معاشی سرگرمیاںبھی بڑھتی ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے لاہوررنگ روڈ سدرن لوپ کے منصوبے پر کام کی پیش رفت پر اطمینا ن کااظہار کیا۔ڈی جی ایف ڈبلیو اولیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ لاہور رنگ روڈسدرن لوپ کے منصوبے کا مجموعی طورپر 42فیصد کام مکمل ہوچکا ہے اور اس منصوبے کو مقررہ مدت کے اندر مکمل کریں گے ۔

صوبائی وزراء تنویر اسلم ملک،سید ہارون سلطان بخاری،چیف سیکرٹری ،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز،کمشنر لاہورڈویژن اورفرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کے اعلی حکام اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ چیئرمین منصوبہ بندی وترقیات،کمشنر راولپنڈی ڈویژن اورڈپٹی کمشنر راولپنڈی ویڈیولنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

متعلقہ عنوان :