ہماری لڑائی کسی فرد کے نہیں کرپشن کیخلاف ہے،سراج الحق

کرپٹ مافیا کاتعاقب جاری رکھیں گے ،قوم کو ایسا نظام دینگے جس سے بیماری کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوجائے عوام عدلیہ ،پارلیمنٹ ملکرکرپشن کا سدباب کرسکتے ہیں ،ہمارا اصل مقصدکرپٹ سسٹم کا خاتمہ ہے ، استحصالی نظام نے جاگیرداروں ،سرمایہ داروں کو تحفظ دیا ،غریب کو مایوسیوں اور پریشانیوں مبتلا کیاہے،امیر جماعت اسلامی

پیر 30 جنوری 2017 22:56

ہماری لڑائی کسی فرد کے نہیں کرپشن کیخلاف ہے،سراج الحق
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ہماری لڑائی کسی فرد کے نہیں ،کرپشن کے خلاف ہے ۔کرپٹ مافیا کاتعاقب جاری رکھیں گے اور قوم کو ایسا نظام دیں گے جس سے اس بیماری کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ ہوجائے ۔عوام عدلیہ اور پارلیمنٹ مل کرکرپشن کا سدباب کرسکتے ہیں ،ہمارا اصل مقصدکرپٹ سسٹم کا خاتمہ ہے ،اس استحصالی نظام نے جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کو تحفظ دیا اور غریب کو مایوسیوں اور پریشانیوں مبتلا کیاہے ۔

جماعت اسلامی ہمیشہ درسٹ ٹریک پر چلتی رہی ہے ،ہمارا اختیار کردہ ٹریک ہی قومی سلامتی اور ملکی خوشحالی کا ضامن ہے ۔ کرپٹ لوگوں نے مختلف پارٹیوں میں پناہ لے رکھی ہے ۔اب ان جماعتوں کو بھی چاہئے کہ ایسے لوگوں کو مزید برداشت کرنے کی بجائے انہیں اپنی صفوں سے نکال باہر کریں۔

(جاری ہے)

خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے حلقہ انتخاب جندول میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ کچھ لوگ کرپشن کے خلاف ہماری جدوجہدکو ذاتی رنگ دیکرمحدودکرنے کی کوشش کررہے ہیں اور عوام کو یہ تاثر دینا چاہتے ہیں کہ ہماری لڑائی محض حکومتی زعماء کے ساتھ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کا احتساب چاہتے ہیں مگر ہماری یہ بھی کوشش ہے کہ پہلے ان لوگوں کو کٹہرے میں کھڑا کیا جائے جنہوں نے حکومتی اختیارات کو عوام کی فلاح کے بجائے ذاتی مفادات کے حصول کیلئے استعمال کیا ہے ۔

ہم چاہتے کہ پہلے وزیر اعظم اور ان کے خاندان کا احتساب ہوتاکہ کسی دوسرے کو یہ کہنے کا موقع نہ ملے کہ حکمرانوں کو کوئی پوچھنے والا نہیں ۔انہوں نے کہا کہ قومی خزانے کو لوٹنے والا کوئی اقتدار میں ہویا اقتدار سے باہر اسے ایک ایک پائی کا حساب دینا پڑے گا۔انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کا خیال ہے کہ پانامہ کیس سے کچھ حاصل نہیں ہوگا وہ کچھ دن انتظار کریں ،مجھے یقین ہے کہ عدالت قوم کو مایوس نہیں کرے گی اور لٹیروں کا محاسبہ ضرور ہوگا۔

سراج الحق نے کہا کہ حکومتی عہدیداروں نے سرکاری حیثیت کو اپنے ذاتی مفادات کے حصول کی سیڑھی بنا رکھا ہے۔ہم چاہتے ہیں کہ جس نے پاکستان کو لوٹا ہے اسے اقتدار کے ایوانوں کی بجائے اڈیالہ جیل میں ہونا چاہئے اور ان لٹیروں سے قومی دولت واپس لینی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ لوگوں نے جھنڈے اور پارٹیاں تبدیل کی ہیں مگر کام سب کا ایک ہے اور وہ قومی دولت کولوٹنا ہے۔

پانامہ لیکس میں حکمران پھنس گئے ہیں۔ عوام کے پاس موقع ہے کہ اپنے مستقبل، کرپشن فری اور گرین پاکستان کے لئے ہمارا ساتھ دیں۔ کرپشن کسی ایک جماعت کا نہیں، قومی مسئلہ ہے۔ سپریم کورٹ میں مقدمہ کرنا کسی کو ذلیل کرنا نہیں ہے۔ ہم ایسا پاکستان چاہتے ہیں جس میں قرآن کی بالادستی ہو اور بیرون ملک گرین پاسپورٹ کی عزت ہو جب تک حکمرانوں کے دامن پر کرپشن کا داغ رہے گا بیرون ملک پاکستان کی عزت و وقار دائو پر لگے رہیں گے۔