وفاقی وزیر سینیٹر اسحاق ڈار نے بول نیوز چینل اور ڈاکٹر شاہد مسعود کو ہتک عزت کا ایک ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا

پیر 30 جنوری 2017 22:56

وفاقی وزیر سینیٹر اسحاق ڈار نے بول نیوز چینل اور ڈاکٹر شاہد مسعود کو ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 جنوری2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بول نیوز چینل اور اینکر پرسن ڈاکٹر شاہد مسعود کو ہتک عزت کا ایک ایک ارب روپے ہرجانے کا قانونی نوٹس بھیج دیا۔ پیر کو وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق ڈاکٹر شاہد مسعود نے 24 جنوری 2017 کو بول نیوز چینل پر اپنے پروگرام (لائیو ود ڈاکٹر شاہد مسعود) میں وفاقی وزیر کی شخصیت اور کردار کو نقصان پہنچانے کے لئے من گھڑت اور ہتک آمیز بیان دیا۔

انہوں نے وزیر خزانہ اور اور راولپنڈی (جی ایچ کیو) کے درمیان مبینہ ملاقات کا جھوٹا حوالہ دیا حالانکہ ایسی کوئی ملاقات ہوئی ہی نہیں ہے۔ مزکورہ پروگرام میں بیان کی گئی کہانی مکمل جھوٹی اور من گھڑت ہے اور اس کا مقصد اینکر کی جانب سے وفاقی وزیر خزانہ کی ساکھ کو نقصان پہنچانا تھا۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے اپنے وکیل کے ذریعے چینل اور اینکر کو ہتک عزت کا قانونی نوٹس بھیجا ہے جس میں بیان کی تردید اور مناسب معافی شائع / نشر کرنے کے ساتھ ساتھ وزیر خزانہ کی شہرت و ساکھ کو نقصان پہنچانے کی تلافی کے طور پر ایک ارب روپے ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے بصورت دیگر بول نیوز چینل اور ڈاکٹر شاہد مسعود کے خلاف دیوانی و فوجداری کارروائی شروع کی جائے گی۔

دریں اثناء وزیر خزانہ نے پیمرا کی شکایات کونسل سے بھی اس معاملے پر لبیک پرائیویٹ لمیٹڈ اور بول نیوز چینل کے خلاف قانونی اور ضروری کارروائی کرنے کی درخواست کی ہے۔

متعلقہ عنوان :