پاک چین اقتصادی راہداری سے صوبے میں ترقی وخوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی ،نیشنل پارٹی سی پیک کاخیرمقدم کرتی ہے،سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ کا کوئٹہ میں پریس کانفرنس سے خطاب

پیر 30 جنوری 2017 22:46

کوئٹہ۔30جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2017ء) نیشنل پارٹی کے سینئر رہنماء اور سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے سے صوبے میں ترقی و خوشحالی کی نئی راہیں کھلیں گی، نیشنل پارٹی ترقی کے اس عظیم منصوبے کاخیرمقدم کرتی ہے مگر گوادر اور بلوچستان کے عوام کے تحفظات کے ازالے کیلئے ضروری قانو ن سازی کی ضرورت ہے، ہماری سیاست کامحورعوام ہیں پشتون بیلٹ کے سیاسی کارکنوں کی نیشنل پارٹی میں شمولیت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے پیرکو کوئٹہ پریس کلب میں رحمت اللہ کاکڑ،یارمحمد مہترزئی ،عبدالرحمن پانیزئی ،احسان اللہ سارنگزئی اوردیگرکی نیشنل پارٹی میں شمولیت کے موقع پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات جان محمد بلیدی رکن بلوچستان اسمبلی یاسمین لہڑی ،صدیق پانیزئی ،خیرجان بلوچ ،حاجی عطاء محمد بنگلزئی بھی موجودتھے ۔

ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ سیاسی کارکنوں کی نیشنل پارٹی میں شمولیت بڑی پیش رفت ہے ہمار ی دیرینہ خواہش رہی ہے کہ نیشنل پارٹی کونیشنل عوامی پارٹی کے متبادل کے طور پر تمام علاقوں میں پھیلائیں کیونکہ ہماری سیاسی جدوجہد کامحورعوام کیلئے ایک خوشحال اورفلاحی معاشرے کی تشکیل ہے ۔انہوںنے کہاکہ پشتون سیاسی کارکنوں کی نیشنل پارٹی میں شمولیت سے بلوچستان میں بسنے والے مختلف اقوام کے درمیان ہم آہنگی کی فضاء پیداہونے کے ساتھ قومی یکجہتی کوفروغ ملے گا جوکہ نیشنل پارٹی کاموقف رہا ہے ۔ایک سوال کے جواب میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے بتایا کہ ہمارا موقف روز اول سے ہی واضح ہے کہ بے گھرہونے والے بلوچوں کو واپس اپنے علاقوں میں آباد کیاجائے ۔