ایف سی آر فاٹا کے تمام مسائل کی جڑ ہے، حکومت فوری طورپر ایف سی آر کا خاتمہ کرکے قبائلی علاقوں کو خیبر پختونخواہ میں ضم کرنیکا اعلان کرے ،بصورت دیگر جماعت اسلامی اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کریگی

جماعت اسلامی فاٹا کے امیر حاجی سردار خان کا اجتماع سے خطاب

پیر 30 جنوری 2017 22:19

باجوڑ ایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 جنوری2017ء) جماعت اسلامی فاٹا کے امیر حاجی سردار خان نے کہا ہے کہ ایف سی آر فاٹا کے تمام مسائل کی جڑ ہے لہذا حکومت فوری طورپر ایف سی آر کا خاتمہ کرکے قبائلی علاقوں کو صوبہ خیبر پختونخواہ میں ضم کرنیکا اعلان کریں بصورت دیگر جماعت اسلامی اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کریگی ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے باجوڑایجنسی کے علاقہ ارنگ میں گو ایف سی آر گو مہم کے سلسلے میں منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اجتماع میں بڑی تعداد میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور لوگوں نے شرکت کی ۔ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی حلقہ قبائل کے امیر حاجی سردار خان ، امیر جماعت اسلامی باجوڑ مولانا عبدالمجید ، مولانا وحید گل ، میاں صاحب الرحمن اور دیگر مقررین نے کہا کہ ایف سی آر کیوجہ سے قبائلی عوام کے آئینی اور بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں او رفاٹا کے عوام کو اپیل ، وکیل اور دلیل کا حق حاصل نہیں ہیں ۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ ایف سی آر کیوجہ سے قبائلی علاقوں میں کرپشن کا بازار گرم ہے اور فاٹا سیکرٹریٹ کے اعلیٰ حکام غریب اور مظلوم قبائلی عوام کا خون چوس رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ایف سی آر کیخلاف فیصلہ کن جنگ کا آغاز کیا ہے اور ایجنسی کے تمام تحصیلوں میں فرسودہ نظام ایف سی آر کیخلاف ریلیاں نکالی جائیگی جبکہ خاربازا رمیں 16فروری کو گرینڈ جلسہ ہوگا جس میں صوبائی قائدین بھی شریک ہوں گے ۔مقررین نے کہا کہ فاٹا سے ایف سی آر کا خاتمہ کرکے قبائلی علاقوں کو صوبہ خیبر پختونخواہ میں ضم کیاجائے ۔