باجوڑ ایجنسی،عوامی نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام خان باچا خان اور خان عبدالولی خان کی برسی انتہائی عقیدت واحترام کیساتھ منائی گئی

پیر 30 جنوری 2017 22:19

باجوڑ ایجنسی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 جنوری2017ء) عوامی نیشنل پارٹی باجوڑایجنسی کے زیر اہتمام فخر افغان خان باچا خان اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی برسی انتہائی عقیدت واحترام کیساتھ منائی گئی ۔ اس سلسلے میں ایک تقریب اے این پی باجوڑ کے صدر ملک عطاء اللہ خان کے رہائشگاہ پر منعقد ہوئی ۔ تقریب میں عوامی نیشنل پارٹی باجوڑ کے صدر ملک عطاء اللہ خان،جنرل سیکرٹری گل افضل خان ،عبدالمنان کاکاجی ،شیخ جہانزادہ ،ڈاکٹر غلام حبیب، فاتح رحمن ، عبدالقیوم خان ، خان بہادر ،شاہ نصیر خان مست خیل، ظہور احمد اتمانخیل، نثار باز ، جاویدتندر، حاجی نور خان درانی اور کثیر تعداد میں کارکنوں کیساتھ ساتھ شعراء نے بھی شرکت کی ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے اے این پی باجوڑ کے صدر ملک عطاء اللہ خان ،ڈاکٹر غلام حبیب، فاتح رحمن، شاہ نصیر،جاوید تندر ، نثا رباز اور دیگر مقررین نے باچا خان اور عبدالولی خان کے پختون قوم اور انسانیت کیلئے کی گئی جدوجہد پر تفصیلی روشنی ڈالی اور کہا کہ دونوں رہنمائوں نے ساری زندگی عدم تشدداورپختونوں کے حقوق کے لئے جدوجہد میں گزاری۔

(جاری ہے)

باچا خان کی فلسفہ عدم تشدد کی سوچ پورے خطے کیلئے تھی اور پوری دنیا نے انسانیت کیلئے اُس کے خدمات کو سراہاہے۔مقررین نے دونوں رہنمائوں کے کردار کو پختون قوم کیلئے ایک مثال قرار دیااور کہا کہ ان دونوں رہنمائوں نے پختون قوم کیلئے تکالیف اور صعوبتیں برداشت کی ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں باچا خان اور عبدالولی خان کے نقش قدم پر چلنا چاہئے ۔

مقررین نے مطالبہ کیا کہ ایف سی آر کا مکمل خاتمہ کیاجائے کیونکہ اس قانون میں ایک شق بھی قبائلی عوام کے فائدے کیلئے نہیں ہے ۔یہ ظالمانہ قانون مظلوم عوام پر مسلط کیاگیا ہے ۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ قبائل کو صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے اور صوبہ خیبر پختونخواہ میں انضمام جلد کیاجائے۔ اس موقع پر کئی افراد نے خاندانوںاور ساتھیوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا ۔اس سے قبل مشاعرے کابھی انعقاد کیاگیاجسمیں شعراء سلطان یوسف سلطان ، عبدالحق درد، اجمل تنہا،محمد خان باجوڑے، فرمان اللہ فرمان ، صفدر خان صفدر ، انورذادہ گلیار اور دیگر نے شعر کی زبان میں باچا خان کے خدمات کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔