وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ منصوبہ اور اس سے منسلک انفراسٹرکچر پر پیشرفت کا جائزہ اجلاس

بنیادی ڈھانچہ کے منصوبہ جات مستحکم معیشت کی ریڑھ کی ہڈی اور عوام کو سہولت دینے کیلئے ناگزیر ہیں، ایئرپورٹ سہولیات، رابطہ سڑکیں اور میٹرو بس لنک کے کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے، وزیراعظم محمد نواز شریف ایئرپورٹ ٹرمینل بلڈنگ پر 95 فیصد کام مکمل، مارچ کے دوران تمام سول ورکس مکمل ہو جائے گا، اس کے بعد بھرپور جانچ پڑتال کی جائے گی، جولائی تک ہوائی اڈہ آپریشنز کیلئے تیار ہو گا، سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن نئے ہوائی اڈے کو موٹرویز ایم ون اور ایم ٹو اور مین جی ٹی روڈ (این فائیو) سے شاہراتی رسائی فراہم کی جا رہی ہے، ہوائی اڈے کو اسلام آباد میٹرو سے بھی ملایا جائے گا، چیئرمین این ایچ اے

پیر 30 جنوری 2017 22:07

وزیراعظم محمد نواز شریف کی زیر صدارت نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بنیادی ڈھانچہ کے منصوبہ جات مستحکم معیشت کی ریڑھ کی ہڈی اور عوام کو سہولت دینے کیلئے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ منصوبہ اور اس سے منسلک انفراسٹرکچر پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن نے بتایا کہ ایئرپورٹ ٹرمینل بلڈنگ پر 95 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور مارچ 2017ء کے دوران تمام سول ورکس مکمل ہو جائے گا، اس کے بعد بین الاقوامی معیارات سے ہم آہنگی کیلئے اس سہولت کی بھرپور جانچ پڑتال کی جائے گی، جولائی 2017ء تک ہوائی اڈہ آپریشنز کیلئے تیار ہو گا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ نیا ہوائی اڈہ 4500 مسافروں کو بیک وقت ہینڈل کرنے کی گنجائش کا حامل ہو گا، اس کے 15 ڈاکنگ سٹیشنز ہوں گے جہاں دو A-380 طیارے ایک ساتھ کھڑے ہو سکیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ نیا ہوائی اڈہ کارگو ہینڈلنگ، سیفٹی اور سیکورٹی، مسافروں کیلئے سہولیات اور پارکنگ سمیت جدید سہولیات سے آراستہ ہو گا۔ نئے ہوائی اڈہ کیلئے منسلکہ انفراسٹرکچر کے حوالہ سے چیئرمین این ایچ اے نے بتایا کہ نئے ہوائی اڈے کو موٹرویز ایم ون اور ایم ٹو اور مین جی ٹی روڈ (این فائیو) سے شاہراتی رسائی فراہم کی جا رہی ہے۔

مزید برآں ہوائی اڈے کو اسلام آباد میٹرو سے بھی ملایا جائے گا۔ وزیراعظم 14 اگست 2017ء کو نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ساتھ اس کا افتتاح کریں گے۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایئرپورٹ سہولیات، رابطہ سڑکیں اور میٹرو بس لنک کے کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہونا چاہئے کیونکہ یہ پاکستان آنے والے غیر ملکیوں کی نظروں میں پاکستان کی ترقی کی علامت ہو گا۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر نئے ٹرمینل پر کام مارچ 2017ء میں شروع ہو جائے گا۔ اجلاس میں میئر اسلام آباد، سیکرٹری ایوی ایشن ڈویژن، چیئرمین این ایچ اے، وزیراعظم کے سیکرٹری اور دیگر سینئر حکام نے شرکت کی۔