جناح سپر مارکیٹ کی خوبصورتی میں اضافہ کیلئے تجاوزات کا خاتمہ ، تاجر یونین کی مشاورت سے اقدامات کئے جائیںگے، شیخ انصر عزیز

پیر 30 جنوری 2017 22:01

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 جنوری2017ء) میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے میئر و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ جناح سپر مارکیٹ کا شمار اسلام آباد کی پرانی مارکیٹوں میں ہوتا ہے، اس کی اپ گریڈیشن اور خوبصورتی کیلئے ہر ممکن دستیاب وسائل کو بروئے لا یا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مارکیٹ کی تاجر یونین کے نمائندوں سے ملاقات کے دوران کیا۔

اجلاس میں میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کے ڈائریکٹر میونسپل ایڈمنسٹریشن، ڈائریکٹر سینی ٹیشن اور ڈائریکٹر روڈ مینیٹیننس کے علاوہ ڈائریکٹر انفورسمنٹ اور سٹریٹ لائٹس ڈویژن کے افسران بھی موجود تھے۔ تاجر نمائندوں نے میئر کو مارکیٹ کے تاجروں کو درپیش مسائل اور مشکلات سے آگاہ کیا اور فٹ پاتھوں کی اپ گریڈیشن، سیوریج نظام کی بہتری اور سٹریٹ لائٹس اور صفائی کے نظام کو مؤثر بنانے کے حوالہ سے متعلقہ شعبوں کی توجہ مبذول کرائی تاکہ صارفین اور تاجروں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات مل سکیں۔

(جاری ہے)

میئر نے کہا کہ جناح سپر مارکیٹ کی بحالی اور خوبصورتی میں اضافہ کیلئے پہلے مرحلہ میں تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے گا اور تاجر یونین کے تعاون اور مشاورت سے اقدامات کئے جائیںگے۔ انہوں نے ڈائریکٹر سینی ٹیشن کو ہدایت کی کہ جناح سپر مارکیٹ شہر کی مصروف ترین مارکیٹ ہے، اس میں دو شفٹوں میں سینی ٹیشن عملہ تعینات کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے باسی دن اور شام کے اوقات میں خریداری کیلئے آتے ہیں، اس لئے سینی ٹیشن عملہ شام کے اوقات میں بھی تعینات ہونا چاہئے۔

انہوں نے سٹریٹ لائٹس کی مرمت اور بحالی، سیوریج سسٹم کی اپ گریڈیشن اور مارکیٹ کے قرب و جوار میں لینڈ سکیپنگ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میٹرو پولیٹن کارپوریشن، سی ڈی اے اور تاجروں کو چاہئے کہ وہ مل کر تجارتی مراکز کی خوبصورتی کیلئے تجاوزات کو ختم کرائیں کیونکہ ہم نے تجاوزات کے خاتمہ کا تہیہ کر رکھا ہے۔ تاجر نمائندوں نے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :