لاہور میں 23نئے سپورٹس گراؤنڈ ز کی تعمیر جلد مکمل ہوجائے گی، حنیف عباسی

ان گراؤنڈز میں کرکٹ، ہاکی ، فٹ بال ، والی بال ، کبڈی ، روایتی کشتی اور دیگر گیمز ہو سکیں گی جس سے سپورٹس کو فروغ ملے گا، وائس چیئرمین سٹیرنگ کمیٹی سپورٹس پنجاب یہ گراؤنڈز گوائنڈ، سگیاں ٹال پلازہ، بدوکی ، آصل سلیمان ، پانڈوکی، سرائچ ، روڑہ ،کاردارپارک ، پڈانہ ، کہوراں اور دیگر علاقوں میں بنائے جارہے ہیں ، ڈی جی سپورٹس پنجاب

پیر 30 جنوری 2017 20:26

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جنوری2017ء) وائس چیئرمین سٹیرنگ کمیٹی سپورٹس پنجاب حنیف عباسی نے کہا ہے کہ لاہور میں 23نئے سپورٹس گراؤنڈ ز کی تعمیر جلد مکمل ہوجائے گی اور اسی سال ان گراؤنڈز میں سپورٹس کے ایونٹس ہوں گے ، ان گراؤنڈز میں کرکٹ، ہاکی ، فٹ بال ، والی بال ، کبڈی ، روایتی کشتی اور دیگر گیمز ہو سکیں گی، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقاراحمد گھمن نے کہا ہے کہ یہ گراؤنڈز پوش ایریاز کو چھوڑ کرلاہور کے مضافات میںبنائے جارہے ہیں تاکہ عوام بلاامتیاز سپورٹس کی سرگرمیوں میں حصہ لیں ان خیالات کا اظہار لاہور ڈویژن کے نئے سپورٹس گراؤنڈز کی تعمیر کے بارے میں اجلاس کے موقع پر کیا ،اجلاس کی صدارت وائس چیئرمین سٹیرنگ کمیٹی سپورٹس پنجاب حنیف عباسی نے کی ہے جبکہ ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن ، ڈائریکٹرایڈمن جاوید رشید چوہان ، لاہور ڈویژن کے تمام فیلڈافسران ، سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ، بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ سمیت کئی محکموں کے افسران بھی موجود تھے اس موقع پر وائس چیئرمین سٹیرنگ کمیٹی سپورٹس پنجاب نے کہا ہے کہ 23گراؤنڈز کی تعمیر سے لاہور میں سپورٹس کو فروغ حاصل ہوگااور سپورٹس کی سرگرمیاں پروان چڑہیں گی ، سپورٹس ہر شہری کا حق ہے اور ان گراؤنڈز میں کرکٹ ،ہاکی، فٹ بال ، والی بال، کبڈی ، روایتی کشتیاں ودیگر کھیل ہو سکیں گے، ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب ذوالفقار احمد گھمن نے کہا ہے کہ ان نئے سپورٹس گراؤنڈز میں ڈے اینڈنائٹ گیمز ہو سکیں گی، فلڈلائٹس کا انتظام کیا جارہا ہے اور یہ گراؤنڈز گوائنڈ، سگیاں ٹال پلازہ، پیپسی روڈہربنس پورہ ، گوالاکالونی ، بدوکی ، آصل سلیمان ، پانڈوکی، سرائچ ، روڑہ ، کاردارپارک ، پڈانہ اور کہوراں جیسے علاقوں میں بنائے جارہے ہیں ، سپورٹس ہر شہری کا حق ہے اور پنجاب حکومت اسے بلاامتیاز فراہم کرے گی، ڈی جی سپورٹس پنجاب نے مزیدکہا ہے کہ ان گراؤنڈزپر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے اور یہ جلد تکمیل کو پہنچیں گے ۔