سرگودھا، ڈی سی او سرگودھا نے اراکین اسمبلی کی صلح کروا دی

صلح کی تصاویر حمزہ شہباز کو ارسال کر دی گئیں ، حمزہ شہبا ز نے تینوں ارکان اسمبلی کی لڑائی کا نوٹس لیا تھا ، ذرائع

پیر 30 جنوری 2017 17:54

سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 جنوری2017ء) ڈی سی او سرگودھا نے اراکین اسمبلی کی صلح کروا دی۔ ڈی سی او کی رہائشگاہ پر تینوں اراکین اسمبلی آنے کے بعد ڈی سی او کو آفس میں اطلاع دی جس کے بعد فوری طور پر ڈی سی او سرگودھا اپنی رہائشگاہ پہنچ گئے۔ ذرائع کے مطابق سرگودھا سے منتخب اراکین اسمبلی جن کی لڑائی کنٹونمنٹ بورڈ میں وائس چیئر مین سے شروع ہوئی تھی بلدیاتی الیکشن اور بعد ازاں میئر شپ تک گھمسان کی جنگ جاری رہی، حال ہی میں نئے تعینات ہونے والے ڈی سی او سرگودھا لیاقت علی چٹھہ کی جانب سے تینوں اراکین اسمبلی کو ایک خاص پیغام پہنچایا گیا جس کے بعد تینوں اراکین اسمبلی یکمشت ہو کر ڈی سی او سرگودھا کی رہائشگاہ پر پہنچ گئے۔

ڈی سی او لیاقت علی چٹھہ دفتر میں اپنے سرکاری کام انجام دے رہے تھے جیسے ہی انہیں تینوں اراکین اسمبلی کی اپنے گھر آمد کی اطلاع ملی وہ فوری طور پر گھر چلے گئے جہاں پر انہوں نے اراکین اسمبلی جن میں ڈاکٹر نادیہ عزیز ایم پی اے، چوہدری حامد حمید ایم این اے اور عبدالرزاق ڈھلوں کے تحفظات دور کرنے کے بعد انکی صلح کروا دی۔

(جاری ہے)

اور بعد ازاں سب نے مل کر چائے نوش کی۔

سیاسی ذرائع کے مطابق ڈی سی او سرگودھا کی جانب سے اراکین اسمبلی کو حمزہ شہباز کی جانب سے ایک خصوصی پیغام دیا کہ وہ یک جاں ہو جائیں ورنہ ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی جس پر دن 11 بج کر 15 منٹ پر تینوں اراکین اسمبلی نے ڈی سی او سرگودھا کی موجودگی میں صلح کر لی۔ ذرائع کے مطابق بعد ازاں صلح کی تصاویر بھی حمزہ شہباز تک پہنچا دی گئی ہیں۔ تینوں اراکین اسمبلی بعد ازاں میئر سرگودھا ملک اسلم نوید کے دفتر آ گئے اور پھر انہوں نے وہاں سے دیگر چیئر مینوں کے ہمراہ اپنی تصویریں فیس بک پر چڑھا کر یہ تاثر دیا کہ ہم سب ایک ہیں۔

متعلقہ عنوان :